چندرا بابو نائیڈو کھوٹا سکہ جو آندھرا میں نہیں چلا وہ تلنگانہ میں کیسا چلتا

   


روزگار کا مطالبہ کرنے والے نوجوانوں کو نکسلائٹ قرار دیتے ہوئے قتل کیا گیا : ہریش راؤ
حیدرآباد ۔ 22 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر فینانس و صحت ٹی ہریش راؤ نے تلگو دیشم کے قومی صدر و سابق چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں ’ کھوٹا سکہ ‘ قرار دیا اور کہا کہ جو کھوٹا سکہ آندھرا پردیش میں نہیں چلا وہ تلنگانہ میں کیا چلے گا ۔ بی آر ایس لیجسلیچر پارٹی آفس اسمبلی میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر ریاستی وزراء پی اجئے کمار ، سرینواس گوڑ ، کے ایشور کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ آندھرا پردیش کو مقروض کردینے کے بعد عوام نے چندرا بابو نائیڈو کو اقتدار سے بیدخل کردیا ۔ اب وہ کھمم میں شو کرتے ہوئے تلنگانہ کو ترقی دینے کا وعدہ کررہے ہیں ۔ متحدہ آندھرا پردیش میں علاقہ تلنگانہ لوٹ کھسوٹ کا شکار ہوا ہے ۔ سب سے زیادہ چندرا بابو نائیڈو کے 9 سالہ دور حکومت میں علاقہ تلنگانہ نظر انداز ہوا ہے ۔ نوجوان ، ملازمین ، طلبہ ، کسان اور سماج کے تمام طبقات کی ترقی و بہبود کو مکمل فراموش کردیا گیا ۔ چندرا بابو نائیڈو کے دور حکومت میں علاقہ تلنگانہ کے نوجوان روزگار فراہم کرنے اور دیہی علاقوں کو ترقی دینے کا مطالبہ کرنے پر انہیں نکسلائٹس قرار دیتے ہوئے ہلاک کردیا گیا ۔ فری زون قرار دیتے ہوئے حیدرآباد کو پوری طرح لوٹ لیا گیا ۔ جس کو تلنگانہ کے عوام آج بھی نہیں بھول پائے ۔ ملازمین کو گھوڑوں سے کچل دیا گیا ۔ احتجاج کرنے والوں کے خلاف ظلم و ستم ڈھایا گیا ۔ سیاسی بھوک مٹانے کی خاطر چندرا بابو نائیڈو کھمم پہونچکر حیدرآباد اور تلنگانہ کو ترقی دینے کے جھوٹے دعوے کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو کے دور حکومت میں سب سے زیادہ تلنگانہ کو نقصان پہونچا ہے ۔ تلنگانہ تحریک کو سبوتاج کرنے کی چندرا بابو نائیڈو نے کئی سازشیں کی ہے ۔ مگر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے مخالف تلنگانہ طاقتوں کی تمام سازشوں کو ناکام بنادیا ہے ۔۔ ن