حیدرآباد ۔14 ۔ڈسمبر (سیاست نیوز) جوبلی ہلز کے علاقہ میں ٹریفک کے بہاؤ میں آسانی پیدا کرنے کیلئے سابق چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی قیامگاہ کے اطراف موجود ٹریفک پابندیوں میں نرمی پیدا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ تلنگانہ اور آندھراپردیش سے تعلق رکھنے والے سیکوریٹی عہدیداروں نے چندرا بابو نائیڈو کی قیامگاہ کے اطراف موجود تحدیدات کا جائزہ لیا۔ جوبلی ہلز روڈ نمبر 36 ، روڈ نمبر 1 سے چندرا بابو نائیڈو کی قیامگاہ کا راستہ ہے۔ تین راستوں سے ان کی قیامگاہ کو پہنچا جاسکتا ہے ۔ سیکوریٹی کے پیش نظر ان سڑکوں پر ٹریفک تحدیدات عائد کی گئی ہے۔ حال ہی میں ٹریفک پولیس نے بنجارہ ہلز اور راہداری پر ٹریفک پابندیاں عائد کیں جس کے نتیجہ میں ٹریفک کے بہاؤ میں دشواری ہورہی ہے۔ تلنگانہ اینٹلیجنس سیکوریٹی ونگ کے ڈی ایس پی سرینواس راؤ اور آندھراپردیش سیکوریٹی کے ڈی ایس پی رویندر ریڈی نے دیگر عہدیداروں کے ساتھ تحدیدات کا معائنہ کیا۔ ٹریفک بہاؤ میں آسانی پیدا کرنے کیلئے چندرا بابو نائیڈو کی قیامگاہ جانے والی سڑکوں پر ٹریفک کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔