حیدرآباد ۔16 ۔ڈسمبر (سیاست نیوز) صدر تلگو دیشم این چندرا بابو نائیڈو کے 21 ڈسمبر کو کھمم میں ریالی اور جلسہ عام کی بڑے پیمانہ پر تیاریاں کی جارہی ہیں۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد چندرا بابو نائیڈو پہلی مرتبہ تلنگانہ میں ریالی اور جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ ریاست کے مختلف اضلاع سے پارٹی کارکنوں کی شرکت کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ جلسہ عام کی کامیابی کیلئے این ٹی آر ٹرسٹ بھون میں آج چیوڑلہ پارلیمانی حلقہ کے قائدین کا اجلاس منعقد ہوا۔ پارلیمانی حلقہ کے انچارج سبھاش یادو نے کہا کہ جلسہ عام کے دن تمام اسمبلی حلقہ جات میں تلگو دیشم پرچم لہرایا جائے گا اور این ٹی آر کے مجسموں کو خراج پیش کیاجائے گا ۔ ہر اسمبلی حلقہ سے کثیر تعداد میں عوام جلسہ عام کیلئے روانہ ہوں گے۔ چندرا بابو نائیڈو حیدرآباد سے بڑے قافلہ میں کھمم کیلئے روانہ ہوں گے ۔ نلگنڈہ ، بھونگیر وقار آباد و دیگر اسمبلی حلقہ جات سے کارکنوں کو جلسہ عام میں شرکت کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں تلگو دیشم نے کھمم ضلع میں بہتر مظاہرہ کیا تھا۔ر