چنچل گوڑہ جونیر کالج کا مستقبل تاریک !

   

عمارت کو منہدم کرنے کی تیاری ، ماضی کے وعدے فراموش ، طلبہ و اولیائے طلبہ تشویش کا شکار
حیدرآباد۔9۔فروری(سیاست نیوز) شہر میں سرکاری جونیئر وڈگری کالجس کی قلت کے دوران چنچل گوڑہ جونیئر کالج کا مستقبل تاریک ہوتا جا رہاہے ۔ سال گذشتہ سال ماہ جولائی کے دوران مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے چنچل گوڑہ جونیئر کالج کی عمارت کو مخدوش قرار دیتے ہوئے اسے مہر بند کرنے کے اقدامات کئے تھے اور اس کے بعد انٹرمیڈیٹ بورڈ کے عہدیداروں نے عمارت کا دورہ کرتے ہوئے کالج میں زیر تعلیم طلبہ کے لئے احاطہ میں ہی متبادل انتظامات کو یقینی بنایا تھا اور اس بات کا تیقن دیا گیا تھا کہ اندرون 3ماہ عمارت کی مرمت و آہک پاشی کے ذریعہ جونیئر کالج کی عمارت کو قابل استعمال بنادیا جائے گا لیکن اب تک بھی ان کاموں کا آغاز نہیں ہوپایا ہے اور کہا جا رہاہے کہ مذکورہ عمارت کو منہدم ہونے کے لئے چھوڑ دیا گیا ہے ۔ چنچل گوڑہ جونیئر کالج کی عمارت کو مخدوش قرار دیئے جانے کے بعد اب کہا جا رہاہے کہ بلدی عہدیداروں کی جانب سے اس عمارت کو منہدم کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہے اور دعویٰ کیا جا رہاہے کہ اس عمارت سے انسانی جانوں کو خطرہ ہے ۔ پرانے شہر میں موجود چند چنندہ سرکاری جونیئر و ڈگری کالجس میں چنچل گوڑہ جونیئرکالج ہے جہاں قابل لحاظ تعداد میں طلبہ زیر تعلیم ہیں اگر اس عمارت کی تعمیر و مرمت کے ذریعہ اس عمارت میں دوبارہ تعمیر کا آغا ز نہیں کیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں اس قدیم جونیئر کالج میں طلبہ کی تعداد میں کمی واقع ہوجائے گی۔ محکمہ تعلیم کے عہدیدارو ںکے مطابق چنچل گوڑہ جونیئر کالج کی عمارت کی مرمت و تعمیر کے سلسلہ میں تخمینہ کی تیاری کے احکام جاری کئے جاچکے ہیں لیکن اس کے باوجود اب تک انہیں کوئی تجاویز موصول نہیں ہوئی جس کی وجہ سے وہ کامو ںکے آغاز کے موقف میں نہیں ہیں۔ چنچل گوڑہ جونیئر کالج میں تعلیم حاصل کرنے والوں میں پرانے شہر کے بیشتر تمام علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ موجود ہیں اور اس کالج تک بس کی سہولت موجود ہے لیکن بعض عناصر اس کالج کو اس علاقہ سے منتقل کروانے کی سازش میں مصروف ہیں جبکہ چنچل گوڑہ جونیئر کالج کے احاطہ میں زیر تعمیر ڈگری کالج کی شاندار عمارت کے طرح اگر مزید عمارتو ںکی تعمیر کی جاتی ہے تو ایسی صورت میں چنچل گوڑہ جونیئر کالج کے احاطہ کو بھی کے جی تا پی جی احاطہ کے طور پر ترقی کے دینے کے اقدامات کو یقینی بنایا جاسکتا ہے ۔ رکن پارلیمنٹ بیرسٹر اسدالدین اویسی نے اس احاطہ میں ڈگری کالج کی عمارت کے سنگ بنیاد کے موقع پر چنچل گوڑہ جونیئر کالج کے احاطہ کو کے جی تا پی جی کے مرکز کے طور پر فروغ دینے کا اعلان کیا تھا اور جولائی 2022 میں ہی ریاستی حکومت کی جانب سے چنچل گوڑہ جونیئر کالج کی عمارت کی تعمیر و مرمت کے لئے 5کروڑ کی منظوری کا اعلان کیا گیا تھا لیکن اب تک ان کاموں کا آغاز نہ کئے جانے کے سبب مخدوش عمارت سے متصل عمارت میں تعلیم حاصل کررہے طلبہ و اساتذہ میں بے چینی پائی جانے لگی ہے اور کہا جا رہاہے کہ کالج کی عمارت کو منہدم کرنے کی سازش کی جارہی ہے تاکہ طلبہ کو اس جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے کے اقدامات کئے جاسکیں۔م