چوتھے ٹسٹ میں بھی اسی طرح کی پچ ہو: رچرڈز

   

نئی دہلی۔ ہند۔ انگلینڈ تیسرے ٹیسٹ میچ کی پچ پر چاروں گوشوں سے تنقید اور تبصرے ہوتے رہے ہیں لیکن ویسٹ انڈیز کے سابق عظیم بیٹسمین ویوین رچرڈز نے کہا ہے کہ وہ سیریز کے آخری ٹسٹ میچ میں بھی اسی طرح کی پچ دیکھنا چاہیں گے۔ ہندوستان نے دو دن میں گلابی گیند کا ٹسٹ میچ جیت لیا۔ اس میچ میں اسپنرزکا دبدبہ رہا۔ روہت شرما کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین اس پچ پر ٹھہر نہیں سکا۔ناقدین نے اس طرح بیٹسمینوں کی ناکامی کے لئے پچ کو مورد الزام قرار دیا ہے۔دوسری جانب ہندوستانی ٹیم کے اوپنر روہت شرما نے کہا ہے کہ پچ میں کوئی نقص نہیں تھا۔ یہاں تک کہ کپتان وراٹ کوہلی نے کہا کہ دونوں ٹیموں کے بیٹسمینوں نے ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا ، جس کی وجہ سے میچ دو دن کے اندر ہی ختم ہوگیا ۔ اسپنر آر اشون نے بھی یہی کہا تھا کہ پچ میں کوئی خرابی نہیں ہے۔مزید اب رچرڈز نے کہا ہے کہ بیٹسمینوں کو خودکو ایسے حالات کے لئے تیار کرنا چاہئے۔ دوسرے ٹسٹ میچ میں بھی اسی طرح کی پچ تھی جس پر روہت اور اشون نے سنچریاں بنائیں۔ویوین رچرڈز نے فیس بک پر ایک ویڈیو میں کہاکہ مجھ سے حال ہی میں ہندوستان میں کھیلے جانے والے ٹسٹ میچ کے بارے میں سوالات پوچھے گئے ہیں۔انگلینڈ کے خلاف دوسرے اور تیسرے ٹسٹ میچوں کے بارے میں سوالات پیدا ہوئے ہیں اور میں واقعی اس سوال کے بارے میں تھوڑا سا الجھا ہوا ہوں کیونکہ مجھے لگتا ہے کہ وہ جس وکٹ پر کھیل رہے تھے اس کے بارے میں وہ بہت زیادہ باتیں کر رہے ہیں۔ میری رائے یہ ہے کہ ایسی صورتحال سے کس طرح نمٹناہے، اس کا حل تلاش کرنا ہوگا۔