چھتیس گڑھ حکومت کا ہفتہ میں6 دن حاضری کا لزوم

   

رائے پور۔ 24 مئی (یو این آئی) سرکاری ملازمین کی حاضری کے سلسلے میں چھتیس گڑھ حکومت کے فیصلے سے ملازمین کی بے چینی بڑھ گئی ہے ۔ دراصل بھوپیش بگھیل حکومت نے ہفتہ میں پانچ دن کام کا نظام نافذ کرکے کام کے اوقات میں اضافہ کیا تھا جسے موجودہ وشنو دیو سائی حکومت نے ختم کر دیا ہے اور اب دفتر میں چھ دن حاضری کو لازمی کر دیا ہے ۔ اس فیصلے سے سرکاری دفاتر میں ہلچل مچ گئی ہے اور ملازمین کی تنظیموں نے اسے یکطرفہ اور ملازم مخالف اقدام قرار دیا ہے ۔ اسٹیٹ آفیسرز ایمپلائز یونین کے صدر کمل ورما نے حکومت پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ محض پروپیگنڈہ ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ یہ قدم بغیر کسی بات چیت کے اٹھایا گیا جو ملازمین کے مفادات اور ذہنی صحت دونوں کے خلاف ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں زیادہ تر کام ای-آفس اور موبائل کے ذریعہ کیا جاتا ہے اور ملازمین ویک اینڈ پر بھی ڈیجیٹل طور پر جڑے رہتے ہیں۔ ایسے میں ہفتے میں دو دن کی چھٹی ان کے لیے ذہنی توازن برقرار رکھنے کا واحد ذریعہ ہے ۔