چھتیس گڑھ میں بھی سلنڈر500 روپئے: پرینکا گاندھی

,

   

200 یونٹ مفت بجلی کے بشمول 8 بڑے اعلانات، عوام سے ضمانتوں پر عمل کا وعدہ

رائے پور:چھتیس گڑھ میں اسمبلی انتخاب کے دن جیسے جیسے قریب آ رہے ہیں، سیاسی پارٹیوں کی سرگرمیاں بھی بڑھتی جا رہی ہیں۔ اس درمیان کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ریاست کے کھیراگڑھ میں جلسہ عام سے خطاب کیا۔ اس جلسہ میں عوام سے پرینکا گاندھی نے 8 بڑے انتخابی وعدے کئے۔ انھوں نے کہا کہ اگر چھتیس گڑھ میں کانگریس کی حکومت دوبارہ تشکیل پاتی ہے تو ایل پی جی سلنڈر پر 500 روپے کی سبسیڈی دی جائے گی۔ ساتھ ہی کانگریس جنرل سکریٹری نے ریاست میں 200 یونٹ تک بجلی مفت دینے کا وعدہ بھی کیا۔ عوام سے پرینکا گاندھی کے 8 وعدے یہ ہیں۔سلنڈر ریفل کرنے پر 500 رپوے کی سبسیڈی‘200 یونٹ تک بجلی مفت، خواتین کے این جی او گرپس اور اہل منصوبوں کے لیے قرض معاف وغیرہ۔آئندہ سالوں میں 700 نئے دیہی صنعتی پارکس کا قیام۔ریاست کے سبھی سرکاری اسکول کو سوامی آتمانند انگلش اور ہندی میڈیم اسکولوں میں اَپگریڈ کرنے کا وعدہ ‘چھتیس گڑھ کے باشندوں کے سڑک حادثات میں اور دیگر اچانک ہوئے حادثات میں وزیر اعلیٰ خصوصی ہیلتھ امداد منصوبہ کے تحت مفت علاج کی سہولت ‘ریاست کے کسانوں سے ’تیورا‘ کو بھی ایم ایس پی پر خریدا جائے گا۔قابل ذکر ہے کہ کانگریس نے 2018 میں ہوئے اسمبلی انتخاب میں 90 رکنی اسمبلی کی 68 سیٹیں جیتی تھی اور بہ آسانی حکومت تشکیل دی تھی۔ بی جے پی محض 15 سیٹوں تک محدود رہ گئی تھی اور جے سی سی (جے) اور بی ایس پی کو بالترتیب 5 اور 2 سیٹیں ملی تھیں۔ اس مرتبہ کانگریس ریاست میں 75 سیٹیں جیتنے کا ہدف رکھ کر انتخابی تشہیر چلا رہی ہے۔