نئی دہلی، 14مئی (یو این آئی) چھتیس گڑھ کے جنوبی بستر علاقے میں چھتیس گڑھ۔تلنگانہ سرحدی علاقے میں گزشتہ 21 دنوں سے جاری نکسل مخالف آپریشن میں سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں 31 بدنام نکسلی مارے گئے ہیں۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے آج یہاں ٹویٹر پر ایک پوسٹ میں کہاکہ نکسل سے پاک ہندوستان کے عزم میں ایک تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے چھتیس گڑھ۔تلنگانہ سرحد پر کرراگٹالو پہاڑیوں پر نکسلیوں کے خلاف اب تک کے سب سے بڑے آپریشن میں سیکورٹی فورسز نے 31بدنام نکسلیوں کو ہلاک کیا۔ وزیر داخلہ نے اعادہ کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہم نکسل ازم کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پرعزم ہیں۔ میں ایک بار پھر ہم وطنوں کو یقین دلاتا ہوں کہ ہندوستان 31مارچ 2026تک نکسل سے پاک ہو جائے گا۔ جس پہاڑ پر کبھی لال دہشت کا راج تھا، آج ترنگا فخر سے لہرا رہا ہے ۔