چھوٹے چھوٹے ہنر ، وقت کی ضرورت

   

اللہ تعالیٰ نے ہمیں زندگی میں بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے۔ انہی نعمتوں میں سے ایک نعمت ہمارے ہاتھ ہیں جنھیں ہم روزمرہ کاموں کیلئے استعمال کرتے ہیں، لیکن انھیں سمجھ داری سے استعمال کرکے بے شمار فوائد بھی حاصل کرسکتے ہیں۔ انہی فوائد میں ہاتھ کا ہنر شامل ہے۔

یوں تو اس میں بہت سی چیزیں آتی ہیں مثلاً ہاتھ سے کشیدہ کاری، سلائی وغیرہ، لیکن یہاں ذکر کچھ مختلف قسم کے ہنر کا ہے جس کے بارے میں بہت کم لوگ علم رکھتے ہیں، اور وہ ہے ہاتھ سے بنے پھولوں کے زیورات۔ ان زیورات کو بنانے کیلئے کچھ اجزاء درکار ہوتے ہیں جن کو پکاکر ایک خاص قسم کی ڈو تیار کی جاتی ہے۔ اس ڈو سے ہاتھوں کی تکنیک کے ذریعے انتہائی مہارت سے مختلف اقسام کے رنگوں کے پھول اور پتیاں تیار کی جاتی ہیں، جنھیں موتیوں سے آراستہ کرکے خوب صورت شکل دی جاتی ہے جس میں خواتین کیلئے زیورات مثلاً انگوٹھیاں، پائل،کنگن، ہار، بالیاں وغیرہ شامل ہیں، بنائے جاتے ہیں۔اس قسم کی جیولری آج کل اسکول، کالج کی بچیوں میں بہت مقبول ہے۔ بچیاں اسے بہت شوق سے نہ صرف خریدتی ہیں بلکہ سیکھنے کی خواہش کا بھی اظہار کرتی ہیں۔ اس طرح کی جیولری کا استعمال شادی بیاہ، سالگرہ اور دیگر تقریبات کے موقع پر زیادہ کیا جاتا ہے۔ اس ہنر کو سیکھنے کیلئے جہاں چیزیں اور سکھانے والے کا ساتھ ہونا چاہیے وہاں دل چسپی، وقت اور محنت بھی درکار ہوتی ہے۔ مگر تھوڑی سی توجہ سے ایک بار سیکھ لیں تو گھر بیٹھے اسے ذریعہ معاش بنا سکتے ہیں۔ اس مقصدکیلئے زیورات بناکر مختلف مواقع پر ہونے والی نمائش میں بھی رکھے جا سکتے ہیں اور گھر بیٹھے آن لائن ڈسپلے کرکے بھی فروخت کیے جاسکتے ہیں۔ یہ خوبی بھی اللہ نے بہت کم لوگوں میں رکھی ہوتی ہے۔ جو لوگ اپنی اس خوبی کو پہچان لیتے ہیں وہ اس سے بے شمار قسم کے فوائد حاصل کرسکتے ہیں، خود کو بااعتماد انسان بناسکتے ہیں۔