چیتہ کی گاؤں میں ہلچل

   

حیدرآباد۔/16 جنوری، ( سیاست نیوز) ناگر کرنول ضلع کے امشا پور گاؤں میں ایک چیتہ نے ہلچل مچادی اور گاؤں والوں میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا ہوگیا۔ گاؤں والوں نے علاقہ میں کبھی بھی چیتہ کو نہیں دیکھا تھا۔ اچانک چیتہ کی آمد سے گاؤں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی اور لوگ اپنے گھروں میں بند ہوگئے تاکہ چیتہ کے حملہ سے بچ سکیں۔ پولیس اور محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کو اطلاع دی گئی اور دونوں محکمہ جات کے عہدیداروں نے علاقہ کا دورہ کیا۔ گاؤں میں چیتہ کے قدموں کے نشان سے اس کی موجودگی کی تصدیق کی گئی۔ نہ صرف امشا پور بلکہ اطراف کے دیگر گاؤں کے لوگ بھی خود کو گھروں میں بند کرنے پر مجبور ہوگئے۔ محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے کہاکہ عوام کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ چیتہ بھٹک کر اتفاقی طور پر گاؤں میں داخل ہوا ہے اور وہ کسی کو نقصان نہیں پہنچائے گا۔ اس تیقن کے باوجود گاؤں والوں میں ڈر باقی ہے۔ر