نئی دہلی۔21 اگست (سیاست ڈاٹ کام) چیف جسٹس آف انڈیا رنجن گوگوئی کے خلاف وسیع تر سازش کیس کی تحقیقات کے لیے جسٹس اے کے پٹنائک کی زیر قیادت ایک رکنی پینل تشکیل دی گئی تھی جس نے اپنی تحقیقات مکمل کرلی ہیں اور وہ وسط ستمبر تک اپنی رپورٹ داخل کردیں گے۔ جسٹس اے کے پٹنائک جو ایک موظف سپریم کورٹ جج ہیں کو اپیکس کورٹ نے تحقیقاتی پیانل کا صد مقرر کیا تھا۔ اس کے علاوہ ان تحقیقات کے لیے اتسو سنگھ بین کو بحیثیت معائنہ کار ایڈوکیٹ تقرر کیا گیا جنہوں نے بشمول بنچ فکسنگ الزام سمیت کئی دوسرے الزامات بھی لگائے ہیں۔ بین کے حلف نامہ کے ساتھ کئی دوسری دستاویزات کی پیانل نے جامع تحقیقات مکمل کرلی ہیں اور اس رپورٹ کو سربہ مہر لفافہ میں وسط ستمبر تک سپریم کورٹ میں پیش کردی جائے گی۔ جسٹس پٹنائک کے آفس میں پیر کو بین نے حاضرہوکر تقریباً دو گھنٹے تک مختلف سوالات کے جواب دیئے۔ بین کے الزامات کی روشنی میں جسٹس پٹنائک نے سی بی آئی انٹلیجنس بیورو اور دہلی پولیس کمشنر سے درخواست کی کہ بہ وقت ضرورت وہ پیانل کی مدد کریں۔