زراعت، پینے کے پانی اور محکمہ تعلیم میں جاری سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا
حیدرآباد ۔ 4 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ کے نومنتخب چیف سکریٹری سنجے جاجو نے عہدہ سنبھالتے ہی ریاست کی انتظامیہ کو متحرک کردیا ہے۔ ہفتہ کو ریاست کے تمام اضلاع کلکٹرس اور اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ایک اہم ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا۔ ریاست میں جاری مانسون کے دوران بارش کی کمی کی صورتحال کی جائزہ لیا۔ چیف سکریٹری نے موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے تمام اضلاع کلکٹرس کو ہائی الرٹ پر رہنے کا حکم دیا تاکہ کسانوں اور عام عوام کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے بالخصوص زراعت، پینے کے پانی اور محکمہ تعلیم کے شعبوں میں جاری سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ کسانوں کو معیاری کھاد اور بیج کی بروقت دستیابی کو ہر حال میں یقینی بنانے پر زور دیا اور ساتھ ہی پینے کے پانی و برقی کی بلارکاوٹ فراہمی کیلئے احتیاطی اقدامات کرنے کا کلکٹرس کو حکم دیا۔ چیف سکریٹری سنجے جاجو نے کہا کہ بارش کے اس موسم میں ڈینگو، ملیریا اور دیگر موسمی بیماریوں کے پھیلنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے جس پر قابو پانے کیلئے تمام بلدیاتی اور طبی ادارے، صفائی اور مچھروں کی روک تھام کیلئے فوری اقدامات کریں۔ اس کے علاوہ انہوں نے سرکاری اسکولس میں زیرتعلیم بچوں کیلئے مڈڈے میل اسکیم کے کچنس کی تعمیر کیلئے محفوظ اور مناسب جگہوں کی فوری نشاندہی کریں تاکہ اسکیم کو مزید بہتر اور صاف ستھرے انداز میں چلایا جاسکے۔2