چیف منسٹر، 19 جون کے بعد ریاست کے مختلف مقامات کا اچانک دورہ کریں گے

   

حیدرآباد : چیف منسٹر کے چندراشیکھر راؤ 19 جون کے بعد ریاست کے مختلف مقامات کا اچانک دورہ کرتے ہوئے ٹاؤنس اور مواضعات میں شروع کردہ ترقیاتی کاموں کے موقف کے بارے میں معلومات حاصل کریں گے اور محکمہ جات بلدی نظم و نسق اور پنچایت راج کے عہدیداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پلے پرگتی اور پٹناپرگتی پروگرامس کے تحت فیلڈ سطح کے کاموں کا جائزہ لینے کیلئے تمام اضلاع کے ایڈیشنل کلکٹرس، ڈسٹرکٹ پنچایت آفیسرس کے ساتھ 13 جون کو پرگتی بھون میں ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے ریاست کے دیہاتوں اور ٹاؤنس میں مختلف ترقیاتی پروگرامس پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کیلئے جمعہ کو یہاں سینئر عہدیداروں کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے کہا کہ کوروناوائرس زوال پذیر ہے اور ریاست میں پازیٹیو شرح 4.7 فیصد تک کم ہوگئی ہے۔ اس وباء میں کمی کے بعد پہلے پرگتی اور پٹناپرگتی پروگرامس کا ایک اور دور شروع کیا جائے گا۔ کے سی آر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ موسمی امراض کے تدارک کیلئے احتیاطی اقدامات شروع کرنے کیلئے ایک چارٹ تیار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر محکمہ کی جانب سے ایک اڈوانس ایکشن پلان تیار کرتے ہوئے اس پر عملدرآمد کرنا چاہئے اور یہ ورک کلچر کا ایک حصہ ہونا چاہئے۔
چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ہر ماہ گرام پنچایتوں کیلئے 339 کروڑ روپئے اور بلدیات میں ترقیاتی کاموں کیلئے148 کروڑ روپئے جاری کئے جارہے ہیں۔ حکومت نے پنچایت راج سسٹم کے تحت نچلی سطح سے اعلیٰ سطح تک اسٹاف کا تقرر کیا ہے۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ ان کے دورہ کے دوران اگر کوئی ملازم ڈیوٹی سے غفلت اور کوتاہی کرتا ہوا پایا گیا تو اسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔