چیف منسٹر آسام کی سکیوریٹی میں خلل ‘ نندو بلال اور گنیش اتسو سمیتی ذمہ دار کے خلاف مقدمہ

   

حیدرآباد۔/11 ستمبر، ( سیاست نیوز) آسام کے چیف منسٹر ہیمنتا بسواشرما کی سیکوریٹی قواعد کی خلاف ورزی میں عابڈز پولیس نے ٹی آر ایس لیڈر اور گنیش اتسو سمیتی کے ذمہ داران کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ۔ حلقہ اسمبلی گوشہ محل کے ٹی آر ایس پارٹی انچارج نند کشور ویاس عرف نندو بلال نے 9 ستمبر کو گنیش وسرجن جلوس کیلئے مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کئے گئے آسام کے چیف منسٹر ہیمنتا بسوا شرما کے ڈائس پر چڑھ کر ان کا مائیک چھین لینے کی کوشش کی تھی۔ یہ واقعہ معظم جاہی مارکٹ چوراہے پر پیش آیا تھا اور ٹی آر ایس لیڈر کی اس حرکت کے بعد وہاں کشیدگی پھیل گئی تھی۔ پولیس عابڈز نے نندو بلال کے خلاف از خود کارروائی کرتے ہوئے ایک مقدمہ درج کیا اور ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ آسام کے چیف منسٹر ہیمنتا بسوا شرما کی موجودگی میں گنیش اتسو سمیتی کے سکریٹری ڈاکٹر ایم بھگونت راؤ تلنگانہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے خلاف غلط بیانی کررہے تھے کہ نند کشور ویاس نے ڈائس پر ان کا مائیک چھین لیا تھا اور آسام کے چیف منسٹر سے بحث و تکرار کی تھی۔ اس سلسلہ میں عابڈز پولیس نے نندو بلال کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 352 اور 341 کے تحت ایک مقدمہ درج کیا ہے۔ اسی طرح پولیس نے گنیش اتسو سمیتی کے بھگونت راؤ کے خلاف بھی ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ تلنگانہ چیف منسٹر کے خلاف غلط بیانی کو روکنے اور ڈائس پر مائیک چھیننے کی کوشش کرنے والے ٹی آر ایس لیڈر نند کشور ویاس کو زدوکوب کرتے ہوئے ڈائس سے ہٹادیا گیا تھا۔ عابڈز پولیس نے اس سلسلہ میں بھگونت راؤ کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 504 ،352 اور 341 کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔ب