موقف اچانک تبدیل ہوجانے پر کانگریس میں شامل ہونے کی افواہیں گشت
حیدرآباد ۔ یکم ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے سابق وزیر شعلہ بیان مقرر ملا ریڈی نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کے خلاف اپنا موقف تبدیل کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر ان کے اچھے دوست ہے اور وہ بہت جلد ریونت ریڈی سے ملاقات کریں گے ۔ میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے ملا ریڈی نے کہا کہ وہ اور ریونت ریڈی تلگو دیشم پارٹی میں ایک ساتھ مل کر کام کرچکے ہیں اور دونوں کے خوشگوار تعلقات ہیں اور انہیں یقین ہے ان کی ملاقات بہتر رہے گی ۔ ملا ریڈی نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں بی آر ایس کو شکست ہوجانے کا خواب میں بھی تصور نہیں کیا تھا ۔ پارٹی کے تمام سینئیر قائدین کو یقین تھا بی آر ایس تیسری مرتبہ کامیابی حاصل کرے گی اور کے سی آر ہیٹ ٹرک چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کی شکست کے صدمہ سے وہ ابھی باہر نہیں آئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے انہیں لوک سبھا انتخابات میں حلقہ لوک سبھا ملکاجگیری سے مقابلہ کرنے کا مشورہ دیا ہے تاہم انہوں نے اپنے فرزند بھدرا ریڈی کو ٹکٹ دینے پر بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کا انہیں یقین دلایا ہے ۔ واضح رہے کہ تلنگانہ میں کانگریس حکومت کی تشکیل کے فوری بعد ملا ریڈی پر قبائیلیوں کی اراضی قبضہ کرنے شاہ میر پیٹ کے پولیس اسٹیشن میں ایک مقدمہ درج ہوا ہے ۔ موڈو چنتلا پلی منڈل کے کیشورم گاؤں میں سروے نمبر 33 ، 34 ، 35 میں 47 ایکر 18 گنٹہ اراضی ملا ریڈی کے نام رجسٹریشن ہوئی ہے ۔ جس پر اراضی کے مالک نے پولیس سے شکایت درج کرائی ہے ۔ اس کیس کی تحقیقات جاری ہے ایسے میں ملا ریڈی نے چیف منسٹر کو اپنا خاص دوست قرار دیا ہے ۔ جس سے ان ریمارکس کی اہمیت میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ اور یہ افواہیں گشت کررہی ہے کہ ملا ریڈی بہت جلد کانگریس میں شامل ہوجائیں گے ۔۔ 2