10 دن میں 52 اجلاس، 50 ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری کا نشانہ، تلنگانہ این آر آئیز سے ملاقات
حیدرآباد 3 اگست (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی آج علی الصبح 10 روزہ دورہ پر امریکہ اور جنوبی کوریا روانہ ہوگئے جہاں پر وہ مختلف کمپنیوں کے نمائندوں کے ساتھ 52 اجلاس منعقد کریں گے۔ 50 ہزار کروڑ روپئے سے زائد سرمایہ کاری تلنگانہ کیلئے حاصل کرنے کا نشانہ مختص کرکے بیرونی دورہ پر روانہ ہوئے ہیں۔ اس وفد میں ورزاء اور اعلیٰ عہدیدار بھی شامل ہے۔ موسیٰ ندی پراجکٹ میں حصہ دار بننے ورلڈ بنک کے صدرنشین سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ آج صبح وہ شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ سے امریکہ روانہ ہوگئے۔ چیف منسٹر اپنے دورہ میں امریکہ کے شہروں نیوجرسی، واشنگٹن ڈی سی، نیویارک، سان فرانسسکو اور جنوبی کوریا کے شہر سیول میں مختلف ملٹی نیشنل اور کارپوریٹ اداروں کے سی ای اوز اور نمائندوں سے ملاقات کرکے تلنگانہ کے مختلف شعبوں میں مواقع سے واقف کروائیں گے اور سرمایہ کاری کیلئے ترغیب دیں گے۔ دورہ کے پہلے دن 4 اگست کو نیوجرسی میں تلنگانہ این آر ائیز کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ 5 اور 6 اگست کو کمپیوٹر اداروں کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے۔ دوپہر میں واشنگٹن میں عالمی بنک صدرنشین و نمائندوں سے ملاقات کریں گے۔ 7 اگست کو ڈالاس میں تجارتی اداروں کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے۔ اسی دن مہاتما گاندھی میموریل کا دورہ کریں گے۔ 8 اگست کو سان فرانسسکو میں ایپل کے نمائندوں، ٹرائنیٹ کے سی او اور دیگر تجارتی اداروں کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے۔ 9 اگست کو گوگل، امیزان و دیگر اداروں کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے۔ اسی دن شام میں سان فرانسسکو میں تلنگانہ کے این آر آئیز سے ملاقات کریں گے۔ 10 اگست کو سان فرانسسکو سے روانہ ہوکر 11 اگست کو جنوبی کوریا سیول پہنچیں گے جہاں وہ 12 اور 13 اگست کو ایل جی، سیمسنگ و دیگر تجارتی اداروں کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے۔ 13 اگست کو رات 11 بجکر 50 منٹ کو سیول سے روانہ ہوکر 14 اگست کو صبح 10 بجکر 50 منٹ پر حیدرآباد پہنچ جائیں گے۔2