چیف منسٹر ریونت ریڈی چینائی اجلاس میں کل جماعتی وفد کی قیادت کریں گے

   

بھٹی وکرامارکا کی سیاسی پارٹیوں سے مشاورت، بی جے پی اور بی آر ایس اجلاس سے غیر حاضر

حیدرآباد 18 مارچ (سیاست نیوز) لوک سبھا حلقہ جات کی ازسرنو حد بندی کے مسئلہ پر ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا اور سابق وزیر کے جانا ریڈی کی جانب سے کل جماعتی اجلاس طلب کیا گیا۔ بی آر ایس اور بی جے پی نے اجلاس میں شرکت نہیں کی جبکہ سی پی آئی، سی پی ایم، مجلس اور دیگر پارٹیوں کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے اپنی تجاویز پیش کیں۔ مرکزی حکومت کی جانب سے حلقہ جات کی ازسرنو حد بندی کے خلاف چیف منسٹر ٹاملناڈو ایم کے اسٹالن نے جنوبی ریاستوں کی جانب سے مشترکہ احتجاج کی منصوبہ بندی کی ہے۔ جنوبی ریاستوں کی جدوجہد میں تلنگانہ کی کانگریس حکومت بھی شامل ہونا چاہتی ہے۔ بی جے پی فلور لیڈر مہیشور ریڈی نے شکایت کی کہ کل جماعتی اجلاس کے لئے اُنھیں دعوت نامہ نہیں دیا گیا جبکہ بی آر ایس ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے کہاکہ حکومت نے دعوت نامہ میں ایجنڈہ تحریر نہیں کیا تھا۔ کے ٹی آر نے کہاکہ حکومت کے غیر واضح موقف کے سبب بی آر ایس نے اجلاس میں شرکت نہیں کی۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے حلقہ جات کی ازسرنو حد بندی کے خلاف متحدہ جدوجہد کی اپیل کی۔ اُنھوں نے کہاکہ سیاسی پارٹیوں سے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے اور مشترکہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ اجلاس میں مجلس کے فلور لیڈر اکبر اویسی نے حد بندی کے مسئلہ پر اسمبلی میں قرارداد منظور کرنے کی تجویز پیش کی۔ اُنھوں نے کہاکہ آبادی کی اساس پر حد بندی سے جنوبی ریاستوں کو نقصان ہوگا۔ بعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیر جانا ریڈی نے کہاکہ اجلاس میں شریک پارٹیوں نے حد بندی کے خلاف متحدہ جدوجہد سے اتفاق کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ سیاسی پارٹیوں سے تجاویز حاصل کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اُنھوں نے بتایا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت میں تلنگانہ کا وفد چینائی میں ڈی ایم کے کی جانب سے طلب کردہ اجلاس میں شرکت کرے گا۔ چیف منسٹر کے وفد میں اہم سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں کو شامل کیا جائے گا۔ بی آر ایس اور بی جے پی کی عدم شرکت کو عارضی قرار دیتے ہوئے جانا ریڈی نے اُمید ظاہر کی کہ حلقہ جات کی حد بندی کے مسئلہ پر تمام پارٹیاں متحد ہوں گی۔ سی پی آئی اور سی پی ایم کے ریاستی سکریٹریز سامبا سیوا راؤ اور جان ویزلی نے متحدہ جدوجہد پر زور دیا۔ حکومت کے مشیر ڈاکٹر کے کیشو راؤ کے علاوہ رکن کونسل کے ستیم، سابق رکن اسمبلی پی وینکٹ ریڈی، سابق رکن اسمبلی جے رنگاریڈی اور سی پی آئی (ایم ایل) قائدین نے اجلاس میں شرکت کی۔ 1