چیف منسٹر ریونت ریڈی کی دہلی میں پرینکا گاندھی سے ملاقات

,

   

قومی سیاست، حدبندی، خواتین کے حقوق جیسے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال
حیدرآباد ۔ 18 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ کے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے ہفتہ کی صبح نئی دہلی میں کانگریس کی قومی جنرل سکریٹری و رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی سے ملاقات کی جس میں قومی سیاست، حدبندی اور خواتین کے حقوق جیسے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے دوران چیف منسٹر نے پرینکا گاندھی کے متحرک سیاسی کردار بالخصوص جنوبی ریاستوں کے مفادات کے تحفظ کیلئے ان کی کوششوں کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں جنوبی ریاستوں کے حقوق کیلئے مضبوط آواز اٹھانا نہایت ضروری ہے اور اس سلسلہ میں پرینکا گاندھی نے نمایاں رول ادا کیا ہے۔ حدبندی کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے بی جے پی حکومت کی پالیسیوں میں موجودہ خامیوں کو اجاگر کرنے پر پرینکا گاندھی کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پرینکا گاندھی نے نہ صرف ان کمزوریوں کو بے نقاب کیا بلکہ متبادل تجاویز پیش کرکے جنوبی ریاستوں کے درمیان اتحاد کو فروغ دینے کیلئے ایک واضح حکمت عملی بھی دی ہے۔ چیف منسٹر نے تلنگانہ عوام کی جانب سے پرینکا گاندھی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے قائد اپوزیشن لوک سبھا راہول گاندھی اور اے آئی سی سی صدر ملکارجن کھرگے کے ساتھ ملک کے جمہوری مستقبل کے تحفظ اور اپوزیشن اتحاد کو مضبوط بنانے میں غیرمعمولی کردار ادا کیا ہے جو ناقابل فراموش ہے۔ پرینکا گاندھی سے ملاقات میں خواتین تحفظات بل پر بھی بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر چیف منسٹر ریونت ریڈی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے نام پر طلب کیا گیا پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس کو غیرضروری طور پر حدبندی کے ایجنڈے سے جوڑ دیا گیا جو مناسب نہیں ہے۔ اس موقع پر پرینکا گاندھی نے بھی چیف منسٹر ریونت ریڈی کی کوششوں کو سراہا اور انہیں عوامی مسائل کو مزید مؤثر انداز میں اٹھانے اور پارٹی ایجنڈے کو مضبوطی سے آگے بڑھانے کا مشورہ دیا۔2/A/b