مس ورلڈ، گلوبل ٹیک سمٹ، بھارت سمٹ کے انعقاد میں تعاون کی اپیل، جے شنکر تلنگانہ کی ترقی سے متاثر
حیدرآباد 13 مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج نئی دہلی میں وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے ملاقات کی اور تلنگانہ رائزنگ کے فروغ میں مرکز سے ہرممکن تعاون کی اپیل کی۔ چیف منسٹر نے جاریہ سال حیدرآباد میں منعقد ہونے والے مختلف بین الاقوامی پروگراموں کی تفصیلات سے واقف کرایا اور آئندہ 25 برسوں میں تلنگانہ ریاست کو ملک کی سرفہرست ریاست کے طور پر ترقی میں مرکز سے تعاون کو ناگزیر قرار دیا۔ جاریہ سال حیدرآباد میں منعقد ہونے والے بین الاقوامی ایونٹس میں مس ورلڈ، گلوبل دیپ ٹیک سمٹ، بھارت سمٹ، اینیمیشن گیمنگ، VFX اور انڈیا جوائے شامل ہیں جس کے ذریعہ تلنگانہ عالمی سطح پر تفریحی اور سیاحتی مرکز کے طور پر اُبھرے گا۔ ریاست میں بین الاقوامی ایونٹس کے کامیاب انعقاد میں مرکز سے تعاون کی اپیل کی۔ چیف منسٹر نے جے شنکر سے درخواست کی کہ تلنگانہ رائزنگ پروگراموں کے بیرون ملک انعقاد اور سفارتی تعلقات کے فروغ کی مساعی کریں تاکہ بین الاقوامی ایونٹس کامیاب ہوں۔ جے شنکر نے کہاکہ تلنگانہ تیزی سے ترقی پذیر ریاستوں میں شامل ہے اور حیدرآباد جیسے شہر میں بین الاقوامی ایونٹس کے انعقاد میں ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔ جے شنکر سے ملاقات کے موقع پر سابق وزیر خارجہ سلمان خورشید، ارکان پارلیمنٹ ملو روی، کرن کمار ریڈی اور انیل کمار یادو موجود تھے۔ چیف منسٹر نے بین الاقوامی ایونٹس کے انعقاد کے سلسلہ میں سلمان خورشید سے صلاح و مشورہ کیا۔ 1