چیف منسٹر سے ترکیہ کے وفد کی خیر سگالی ملاقات

   

ریاست کے ترقیاتی امور و صنعتی پالیسی پر تبادلہ خیال
حیدرآباد۔30۔نومبر(سیاست نیوز) چیف منسٹر مسٹر اے ریونت ریڈی سے آج ان کی قیامگاہ واقع جوبلی ہلز پر سفیر برائے ترکیہ متعینہ ہند فرات سنیل نے سفارتخانہ کے دیگر عہدیداروں اور قونصل جنرل ترکیہ متعینہ حیدرآباد مسٹر اورہان اوکان یلمان اوکان نے خیر سگالی ملاقات کرتے ہوئے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ چیف منسٹر اور سفیرترکیہ کی اس ملاقات کے دوران ریاستی وزیر کیپٹن اتم کمار ریڈی کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے ۔ چیف منسٹر سے آج ان کی قیامگاہ پر ملاقات کرنے والوں میں سفیر ترکیہ کے علاوہ سفیر آسٹریا مسز کیتھرینا وائسر شامل ہیں۔ دونوں سفراء کی چیف منسٹر مسٹر اے ریونت ریڈی سے ملاقات کے دوران کیپٹن اتم کمار ریڈی اور دیگر عہدیدار موجود تھے ۔ سفرے ترکیہ مسٹر سنیل فرات کو چیف منسٹر نے اس خیر سگالی ملاقات کے دوران ریاستی حکومت کی جانب سے انجام دیئے جانے والے ترقیاتی کاموں اور تلنگانہ کی صنعتی پالیسی سے واقف کرواتے ہوئے تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے مواقع اور حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی مراعات کے متعلق واقف کروایا ۔ مسٹر فرات سنیل نے مسٹر اے ریونت ریڈی سے ملاقات کے دوران تلنگانہ کے ترکیہ سے تہذیبی تعلق پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے ترکیہ کی ہندستان میں سرمایہ کاری سے دلچسپی اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے استحکام کے سلسلہ میں جاری اقدامات کا تذکرہ کیا ۔ چیف منسٹر نے سفیر آسٹریا متعینہ ہند مسز کیتھرینا وائسر سے ملاقات کے دوران بھی انہیں ریاستی حکومت کی جانب سے انجام دیئے جانے والے ترقیاتی کاموں کے علاوہ فیوچر سٹی اور دیگر منصوبوں بالخصوص ینگ انڈیا اسکل یونیورسٹی اور ینگ انڈیا اسپورٹس یونیورسٹی کے قیام کے لئے کئے جانے والے اقدامات سے واقف کروایا ۔3