تاحال 580کسانوں کی خودکشی ، لیکن مقابلہ حسن پر200 کروڑ روپئے خرچ کئے جارہے ہیں
حیدرآباد۔ 22 مئی (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے بتایا کہ حکومت کی ناکامیاں اور بدعنوانیاں ایک ایک کرکے منظر عام پر آرہی ہیں۔ عوام ، کانگریس پر بھروسہ کرتے ہوئے پچھتا رہے ہیں، ریاست کے ہر ضلع اور دیہات سے عوام کے سی آر کو یاد کررہے ہیں۔ ریاست میں آئندہ الیکشن میں بی آر ایس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ کے ٹی آر آج پارٹی ہیڈکوارٹر تلنگانہ بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے غیررسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی نے پالمور۔ رنگاریڈی پراجیکٹ کے بارے میں جھوٹی تشہیر کی تھی، سپریم کورٹ میں آج حقائق منظر عام پر آگئے ہیں۔ کانگریس اور بی جے پی منظم سازش کے تحت کالیشورم پراجیکٹ کے خلاف جھوٹا پروپگنڈہ کررہے ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ کانگریس کا ’’پرجا پالنا۔ پَرسنٹیج پالنا‘‘ میں بدل چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس گھوش نے اپنی رپورٹ تیار ہونے کا اعلان کیا تھا، باوجود اس کے حکومت کی جانب سے کمیشن کی میعاد میں توسیع دی گئی۔ اس سے اندازہ ہورہا ہے کہ بہت بڑی سازش رچی جارہی ہے۔ کالیشورم پراجیکٹ کے تمام بیاریجس کو منہدم کرنے اور دوبارہ ٹنڈر طلب کرتے ہوئے 20 تا 30 فیصد کمیشن حاصل کرنے کا ایجنڈہ تیار کرچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنٹر واٹر کمیشن کو حقائق کا پتہ چل چکا ہے جس کے سبب اس کو ’’اِیریگیشن مارویل‘‘ کہا گیا ہے۔ سپریم کورٹ کے ججس کو پتہ چل گیا ہے لیکن نااہل چیف منسٹر اس کو سمجھنے سے قاصر ہیں۔ پالمور۔ رنگاریڈی پراجیکٹ کے خلاف چیف منسٹر نے جو سازش رچی تھی، وہ ناکام ہوچکی ہے۔ ریاست میں ابھی تک 580 کسان خودکشی کرچکے ہیں۔ ان پر توجہ دینے کے بجائے چیف منسٹر ریونت ریڈی ، مس ورلڈ مقابلوں پر توجہ دیتے ہوئے 200 کروڑ روپئے خرچ کررہے ہیں۔ چیف منسٹر ذہنی طور پر بیمار ہوچکے ہیں۔ وہ دن بہ دن ’’ملٹی پل پرسنالیٹی ڈیزاسٹر‘‘ کی بیماری میں مبتلا ہوچکے ہیں، وہ بھولنے کی بیماری میں مبتلا ہوچکے ہیں۔ وہ ایک دن کالیشورم ’’کولیشورم‘‘ (منہدم ہوجانا)قرار دے رہے ہیں، دوسرے دن ملنا ساگر سے حیدرآباد کو پانی منتقل کرنے کا اعلان کررہے ہیں۔ کانگریس حکومت کے وزراء رنگانائیک ساگر سے پانی چھوڑ ررہے ہیں۔ ایک دن مقروض نہ ہونے کا دعویٰ کررہے ہیں تو دوسرے دن اسمبلی میں 1.70 کروڑ روپئے کا قرض لینے کا اعلان کررہے ہیں۔ چیف منسٹر کبھی کے سی آر کا نام و نشان مٹادینے کی دھمکی دے رہے تھے تو کبھی کے سی آر کی جانب سے تعمیر کردہ عمارتیں عالمی حسیناؤں کو دکھا رہے ہیں۔ 2