آئندہ سال ڈسمبر تک پراجکٹ کی تکمیل کی ہدایت
حیدرآباد ۔28 ۔ نومبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج ضلع نلگنڈہ کا دورہ کرتے ہوئے یادادری میگا تھرمل پاور پلانٹ کے تعمیری کاموں کا جائزہ لیا۔ چیف منسٹر نے حیدرآباد سے بذریعہ ہیلی کاپٹر نلگنڈہ پہنچ کر ایریل سروے کے ذریعہ پراجکٹ کے تعمیری کاموں کا جائزہ لیا اور عہدیداروں کو ضروری ہدایات دیں۔ وزیر برقی جگدیش ریڈی اور محکمہ برقی کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ چیف منسٹر نے پراجکٹ کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا اور پراجکٹ کی مقررہ مدت میں تکمیل کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ 2015 ء میں پراجکٹ کے تعمیری کاموں کا آغاز ہوا اور دو یونٹ کے کام 90 فیصد مکمل ہوچکے ہیں، باقی 3 یونٹ میں 70 فیصد کام مکمل ہوگئے۔ انہوں نے ڈسمبر 2023 ء تک پراجکٹ کے تعمیری کام مکمل کرنے اور برقی کی پیداوار کے آغاز کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں برقی شعبہ کی صورتحال اطمینان بخش ہے۔ پراجکٹ کے سلسلہ میں پانچ ایکر اراضی پر 29965 کروڑ کے خرچ سے 4000 میگاواٹ برقی کی تیاری کا منصوبہ ہے۔ اس موقع پر صدرنشین قانون ساز کونسل سکھیندر ریڈی ، وزیر پنچایت راج ای دیاکر راؤ ، چیف سکریٹری سومیش کمار ، صدرنشین جینکو پربھاکر راؤ اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ ر