چیف منسٹر پنجاب بھگونت سنگھ مان کی چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات

   


بی آر ایس کے قیام پر مبارکباد، کسانوں اور دیگر طبقات کیلئے فلاحی اسکیمات پر بات چیت
حیدرآباد۔/20 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر پنجاب بھگونت سنگھ مان نے آج پرگتی بھون میں بی آر ایس کے سربراہ اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی۔ کے سی آر نے چیف منسٹر پنجاب کا پرگتی بھون پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا اور انہیں گلدستہ پیش کیا۔ دونوں چیف منسٹرس نے ملک کی تازہ ترین سیاسی صورتحال اور تلنگانہ کی ترقی کے علاوہ پنجاب میں حکومت کے فلاحی اقدامات پر بات چیت کی۔ بی آر ایس کے ذریعہ قومی سطح پر سرگرمیوں کے فیصلہ کی ستائش کرتے ہوئے چیف منسٹر پنجاب نے کے سی آر کو مبارکباد پیش کی۔ طویل گفتگو کے بعد کے سی آر نے مہمان چیف منسٹر کو یادگاری مومنٹو پیش کیا۔ اس موقع پر راجیہ سبھا کے رکن جے سنتوش کمار، نائب صدرنشین پلاننگ بورڈ بی ونود کمار، ارکان مقننہ مدھوسدن چاری، کڈیم سری ہری، بی سمن، اے جیون ریڈی، جی بالراجو، حکومت کے مشیر راجیو شرما، چیف سکریٹری سومیش کمار، چیف منسٹر کے سکریٹری بھوپال ریڈی، سابق رکن پارلیمنٹ وینوگوپال چاری، صدرنشین سیول سپلائیز کارپوریشن رویندر سنگھ، بی سی کمیشن کے سابق رکن ای انجنے گوڑ اور دیگر قائدین موجود تھے۔ چیف منسٹر پنجاب کے ہمراہ اعلیٰ عہدیداروں کی ٹیم نے ریاست میں ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ چیف منسٹر نے کسانوں کی بھلائی کیلئے تلنگانہ حکومت کے اقدامات سے واقف کرایا اور پنجاب حکومت کی جانب سے شروع کی گئی اسکیمات کی ستائش کی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے بی آر ایس کی سرگرمیوں کو وسعت دینے کیلئے ایکشن پلان سے واقف کرایا اور کہا کہ پارٹی نے ملک میں آئندہ کسان حکومت کے نعرہ کے ساتھ اپنی سرگرمیوں کا آغاز کیا ہے۔ دونوں قائدین نے مرکزی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف متحدہ جدوجہد سے اتفاق کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں قائدین نے سیاسی امور پر زیادہ دیر تک تبادلہ خیال کیا ہے۔ پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کیلئے بھگونت سنگھ مان نے حیدرآباد میں مختلف اداروں کے سربراہوں سے ملاقات کی۔ر