چیف منسٹر ڈبل بیڈروم کی قیام گاہ فراہم کرنے کے پابند عہد

   

حیدرآباد /30 اگست ( این ایس ایس ) وزیر امکنہ وی پرشانت ریڈی نے آج کہا کہ چیف منسٹر کے چندرا شیکھر راؤ تلنگانہ میں غریبوں کیلئے کشادہ ڈبل بیڈروم کی قیامگاہ مفت فراہم کرنے کے پابند عہد ہے ۔ انہوں نے عہدیداروں کے ہمراہ کولور ہاوزنگ فیسیلیٹی کا دورہ کیا اور 124 ایکر اراضی پر جاری کاموں کا معائنہ کیا ۔ پرشانت ریڈی نے کہا کہ کے سی آر کا عزم مصمم ، ٹی آر ایس کے کارگذار صدر کے ٹی راما راؤ کی نگرانی اور ہاوزنگ سکریٹری چترا رامچندرن کی کوششیں کامیاب ثابت ہوئی ہیں ۔ اس ہاوزنگ فیسیلیٹی کے 90 فیصد کام ختم ہوچکے ہیں اور بقیہ کی شیڈول کے مطابق تکمیل کرلی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ 1200 کروڑ روپئے کا پراجکٹ 15,000 ہاوزنگ یونٹس کی فراہمی کیلئے ہے اور یہ تکمیل کے قریب پہونچ گیا ہے ۔ 200 کروڑ روپئے کے کام عنقریب مکمل کرلئے جائیں گے ۔ ایک انجینئیر کے ناطے مجھے اس پراجکٹ پر حیرت ہوئی جو دیڑھ سال میں مکمل کرلیا گیا ہے ۔