حیدرآباد۔ 10 جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے 13 ممالک کے نمائندوں کیلئے چہارشنبہ کو گنبدان قطب شاہی میں ڈنر کا اہتمام کیا جن میں امریکہ، ایران، ترکیہ، متحدہ عرب امارات، برطانیہ، جاپان، تھائی لینڈ، جرمنی، سری لنکا، بنگلہ دیش، آسٹریلیا، فرانس اور فن لینڈ کے نمائندے شامل ہیں۔ چیف منسٹر نے انہیں تلنگانہ حکومت کی ترجیحات سے واقف کروایا اور بتایا کہ حکومت ریاست کے تمام طبقات کی فلاح و بہبود کے عہد کی پابند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت مجاہدین آزادی مہاتما گاندھی، جواہر لال نہرو، سردار ولبھ بھائی پٹیل اور سابق وزیر اعظم آنجہانی اندرا گاندھی کے اصولوں اور اقدار سے حوصلہ پا کر مساوات اور شفافیت کو فروغ دینے کیلئے کام کررہی ہے۔ 6 ضمانتوں پر عمل آوری کے ساتھ تلنگانہ کو بہترین فلاحی اور مثالی ریاست کے طور پر فروغ دینے کیلئے کوشاں ہیں۔ حکومت نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور صنعتی فروغ کو مساوی ترجیح دے رہی ہے۔ انہوں نے 13 ممالک کے نمائندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ریاست میں دستیاب مواقعوں سے استفادہ کرتے ہوئے سرمایہ کاری کیلئے آگے آئیں۔ حکومت تمام ممالک کے ساتھ قریبی تعلقات برقرار رکھے گی۔ چیف منسٹر نے تلنگانہ میں صنعتی ترقی کے لئے مہمانوں سے مناسب تجاویز پیش کرنے کی بھی اپیل کی۔