چیف منسٹر کے سی آر ایک ہفتہ طویل قومی دورہ پر نئی دہلی روانہ

,

   

وزیراعظم کے استقبال کیلئے 26 مئی کوموجود نہیں رہیں گے، اپوزیشن چیف منسٹرس کے علاوہ معاشی اور سماجی ماہرین سے ملاقات کا منصوبہ
حیدرآباد۔20۔ مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ قومی سطح پر اپنی مہم کے آغاز کے سلسلہ میں آج سہ پہر نئی دہلی روانہ ہوگئے۔ چیف منسٹر نے قومی اور علاقائی قائدین سے ملاقات و مختلف اپوزیشن چیف منسٹرس سے مشاورت کا منصوبہ بنایا ہے۔ کے سی آر ملک کی معاشی صورتحال پر ماہرین معاشیات اور سماجی جہد کاروں سے ملاقات کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ چیف منسٹرکے قریبی ذرائع کے مطابق کے سی آر نئی دہلی میں قیام کے دوران میڈیا ماہرین سے ملاقات کریں گے۔ پروگرام کے مطابق ملک کی موجودہ ابتر معاشی صورتحال ، مرکز کی جانب سے ریاستوں سے ناانصافی ، جی ایس ٹی اور دیگر ٹیکسیس کے بارے میں ریاستوں کی حصہ داری جیسے موضوعات پر کے سی آر ماہرین سے مشاورت کریں گے۔ نئی دہلی میں ہمخیال قومی اورعلاقائی جماعتوں کے قائدین سے ملاقات کی تیاری کی گئی ہے اور چیف منسٹر کے دفتر نے کئی قائدین سے ربط قائم کیا ہے۔ 22 مئی کو چیف منسٹر چندی گڑھ کا دورہ کریں گے اور کسان احتجاج میں اپنی جانیں قربان کرنے والے 600 کسانوں کے افراد خاندان سے ملاقات کرکے اظہار ہمدردی کریں گے۔ تلنگانہ حکومت کے اعلان کے مطابق فی خاندان تین لاکھ روپئے کا چیک حوالے کیا جائیگا۔ کسانوں میں چیکس کی تقسیم کے موقع پر چیف منسٹر نئی دہلی اروند کجریوال اور چیف منسٹر پنجاب بھگونت مان موجود رہینگے۔ پنجاب ، ہریانہ ، اترپردیش اور دہلی سے تعلق رکھنے والے کسان خاندانوں کو امدادی چیک حوالے کیاجائے گا۔ کے سی آر 26 مئی کی صبح بنگلور روانہ ہوں گے جہاں سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڑہ سے ملاقات کریں گے ۔ وہاں سے وہ 27 مئی کو مہاراشٹرا کے رالے گاؤں سدی روانہ ہوں گے اور ممتاز سماجی جہد کار انا ہزارے سے ملاقات کریں گے ۔ کے سی آر شرڈی پہنچ کر سائی بابا مندر کے درشن کریں گے۔ شرڈی سے چیف منسٹر حیدرآباد واپس ہوں گے ۔ وہ 29 اور 30 مئی کو مغربی بنگال اور بہار کے دورہ کا منصوبہ رکھتے ہیں ، جہاں وہ گلوان وادی میں چین کی فوج کے ساتھ تصادم میں شہید ہونے والے ہندوستانی فوجیوں کے افراد خاندان سے ملاقات کریں گے اور انہیں امدادی رقم کے چیک حوالے کریں گے۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر نے قومی دورہ کا پروگرام ایسے وقت طئے کیا ہے جب وزیراعظم نریندر مودی 26 مئی کو حیدرآباد پہنچ رہے ہیں۔ انڈین اسکول آف بزنس کے قیام کی 20 سالہ تقاریب میں شرکت کیلئے وزیراعظم حیدرآباد پہنچیں گے اور اسی دن چیف منسٹر کے سی آر بنگلور میں رہیں گے۔ بتایا جاتاہے کہ مرکز سے جاری ٹکراؤ کے نتیجہ میں چیف منسٹر نے وزیراعظم کے روایتی استقبال سے بچنے کیلئے قومی دورہ کے پروگرام کو قطعیت دی ہے۔ وزیراعظم دورہ کے موقع پر بی جے پی قائدین سے ملاقات کرسکتے ہیں۔ر