غربت کی وجہ سے کوئی بھی طبی سہولتوں سے محروم نہ رہے ، تلنگانہ کے طبی نظام کو بہتر بنانے کے اقدامات
حیدرآباد ۔ 26 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر کے سی آر نے آج گریٹر حیدرآباد کے حدود میں تین سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹلس کی تعمیرات کے لیے ایل بی نگر ، الوال اور صنعت نگر میں سنگ بنیاد رکھتے ہوئے کہا کہ غربت کی وجہ سے عوام طبی سہولتوں سے محروم نہ ہو اس کا خاص خیال رکھتے ہوئے غریب عوام کو موثر طبی سہولتیں فراہم کرنے شہر کے اطراف و اکناف سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹلس تعمیر کئے جارہے ہیں ۔ ان تقاریب میں ریاستی وزراء محمد محمود علی ، ہریش راؤ ، وی پرشانت ریڈی ، ٹی سرینواس یادو ، ملاریڈی ، سبیتا اندرا ریڈی کے علاوہ مقامی ارکان اسمبلی اور مئیر حیدرآباد جی وجیہ لکشمی نے بھی شرکت کی ۔ بعد ازاں الوال میں منعقدہ ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ ماہرین نے بتایا ہے کہ مستقبل میں کورونا جیسی وبائی بیماری پھوٹ پڑ سکتی ہیں ۔ کسی بھی شہر کسی بھی ریاست اور کسی بھی ملک کے لیے اگر مستحکم طبی نظام ہوتا ہے تو وہاں نقصانات کم ہوتے ہیں ۔ جہاں پر طبی نظام بہتر نہ ہو وہاں لاکھوں لوگوں کی اموات ہوتی ہے ۔ وائرس کو ختم کرنے کا دنیا بھر میں کہیں بھی میکانزم نہیں ہے ہاں البتہ اس کو کنٹرول ضرور کیا جاسکتا ہے ۔ تلنگانہ میں طبی نظام کو بہتر اور مستحکم بنانے کے لیے حکومت بڑے پیمانے پر اقدامات کررہی ہے ۔ کافی جدوجہد اور قربانیوں کے بعد علحدہ تلنگانہ ریاست قائم ہوئی ہے ۔ نئی ریاست کے تمام شعبوں کو حالات اور ضرورت کے لحاظ سے ترقی دیتے ہوئے مستقبل کی حکمت عملی تیار کی جارہی ہے ۔ ریاست میں تمام جماعتیں سیاسی جلسوں اور پروگرامس کا انعقاد کررہے ہیں ۔ تاہم حکمران ٹی آر ایس کنٹونمنٹ سکندرآباد میں صحت سے متعلق جلسہ عام کا اہتمام کررہی ہے ۔ سرکاری ہاسپٹلس میں کسی کے بھی انتقال کرجانے پر نعش کو گھروں تک پہونچانے کے لیے گاڑیوں کا انتظام کیا گیا ہے ۔ 50 تا 60 گاڑیوں کا انتظام کرنے کی چیف سکریٹری کو ہدایت دی گئی ہے ۔ غریب عوام کو کارپوریٹ طرز کا موثر طبی نظام تیار کرنے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ غربت کی وجہ سے کوئی بھی طبی خدمات سے محروم نہ رہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ایچ ایم ڈی اے کے حدود میں 1.64 کروڑ آبادی رہتی ہے ۔ گاندھی ، عثمانیہ کے علاوہ مزید چار سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹلس تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ان ہاسپٹلس میں تمام اقسام کے طبی معائنے ، تمام اقسام کے آپریشنس کی سہولت عوام کو دستیاب ہوگی ۔ کے سی آر نے الوال میں خواتین کے لیے میٹرنیٹی ہاسپٹل قائم کرنے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے ہر مقام پر عوام کو بہتر سے بہتر طبی سہولتیں فراہم کرنے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ حیدرآباد میں 6000 آکسیجن بیڈس کی سہولت دستیاب ہے ۔ 1500 تک آئی سی یو بیڈس کی سہولت فراہم کرنے کے لیے ہاسپٹلس کی تعمیرات کی جارہی ہے ۔ انہوں نے غریب عوام کو دھوکہ دہی سے بچنے کے لیے سرکاری ہاسپٹلس میں اپنا علاج کروانے کا مشورہ دیا ۔۔ ن