چیف منسٹر کے سی آر نے عوامی بھلائی کو نظر انداز کردیا

   

مرکزی وزیر رمیش پوکھریال کا الزام، بی جے پی کی انتخابی مہم میں شرکت
حیدرآباد: مرکزی وزیر تعلیم ڈاکٹر رمیش پوکھریال نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اپنے رویہ کے ذریعہ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی کی نقل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں چیف منسٹرس نے عوامی بھلائی کو نظر انداز کردیا ہے۔ حیدرآباد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ ریاستی حکومت نے مرکز کی جانب سے غریبوں کے مفت علاج کیلئے شروع کردہ آیوشمان بھارت انشورنس اسکیم پر عمل آوری سے انکار کیا ہے ۔ اس کے علاوہ تلنگانہ میں فصل بیمہ یوجنا پر عمل نہیں کیا جارہا ہے۔ مرکزی اسکیمات سے تلنگانہ کے عوام کو محروم رکھا گیا ۔ چیف منسٹر عوام میں وزیراعظم نریندر مودی کے امیج میں اضافہ کے خوف سے مرکزی اسکیمات کو نظر انداز کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن دھن یوجنا کے تحت مختلف اسکیمات کی سبسیڈی راست طور پر استفادہ کنندگان کے بینک اکاؤنٹ میں جمع کی جارہی ہے ۔ انہوں نے ملک کی ترقی کیلئے وزیراعظم نریندر مودی کے اقدامات کو تاریخی قرار دیا۔ مرکزی وزیر نے کیندریہ ویدیالیہ کے طلبہ سے بات چیت کی اور کہا کہ قومی سطح پر طالبات کا مظاہرہ حوصلہ افزاء ہے۔ مرکزی وزیر نے گریجویٹ رائے دہندوں سے اپیل کی کہ ایم ایل سی انتخابات میں بی جے پی امیدوار رام چندر راؤ کے حق میں ووٹ کا استعمال کریں۔