ریاستی وزراء کے ایشوراور محمود علی کا دورہ،علماء اور مذہبی شخصیتیں مدعو،سیکوریٹی اور ٹریفک انتظامات پر توجہ
حیدرآباد۔/24اپریل، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے 29 اپریل کو لال بہادر اسٹیڈیم میں دعوت افطار کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ریاستی وزراء اور اعلیٰ عہدیداروں نے آج اسٹیڈیم کا دورہ کیا۔ وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور اور وزیر داخلہ محمد محمود علی نے عہدیداروں کو نقائص سے پاک انتظامات کی ہدایت دی۔ عہدیداروں سے کہا گیا کہ انتظامات کے ضمن میں جو علحدہ گوشے مختص کئے گئے ہیں ان میں روزہ داروں کیلئے تمام تر سہولتیں فراہم کی جائیں۔ دعوت افطار میں علماء، مشائخین، عوامی نمائندوں کے علاوہ اعلیٰ عہدیداروں کی شرکت متوقع ہے اور مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والی شخصیتوں کو مدعو کیا گیا ہے۔ ریاستی وزراء نے دعوت افطار کیلئے طئے کردہ مختلف گیلریز اور ان کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ شہ نشین پر چیف منسٹر اور ریاستی وزراء کیلئے انتظامات رہیں گے اور چیف منسٹر کے سی آر روزہ داروں سے خطاب کریں گے۔ نماز مغرب کیلئے علحدہ انتظام کیا گیا ہے۔ ہر گیلری میں طعام کا معقول انتظام رہے گا اور اطراف کے علاقوں میں ٹریفک جام کو روکنے کیلئے خصوصی ہدایات دی گئی ہیں۔ اہم شخصیتوں اور مدعوئین کیلئے پارکنگ کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں اور دعوت افطار میں داخلہ بذریعہ دعوت نامہ رہے گا۔ ایل بی اسٹیڈیم کے اطراف واکناف سیکوریٹی کے خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں۔ جائزہ اجلاس میں وزراء کے علاوہ پرنسپل سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم ، حکومت کے مشیر برائے اقلیتی اُمور اے کے خاں، صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن اسحاق امتیاز، سابق صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم، کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار، ڈائرکٹر پروٹوکول ارویندر کمار، منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن کانتی ویسلی، سابق ڈپٹی میئر بابا فصیح الدین، ایڈیشنل کلکٹر حیدرآباد وینکٹیشورلو، پولیس کے اعلیٰ عہدیدار رنگناتھ، پرکاش ریڈی اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ دعوت افطار کے موقع پر برقی کی بلاوقفہ سربراہی کو یقینی بنانے کیلئے محکمہ برقی کے عہدیداروں کو ہدایات جاری کی گئیں۔ اس موقع پر ریاستی وزراء نے کہا کہ کے سی آر کی قیادت میں تلنگانہ میں سیکولرازم اور قومی یکجہتی کو فروغ حاصل ہوا ہے۔ حکومت تمام طبقات کے عید اور تہوار کو سرکاری طور پر مناتے ہوئے فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور گنگا جمنی تہذیب کو فروغ دے رہی ہے۔ بتکماں، کرسمس اور رمضان کے موقع پر حکومت کی جانب سے غریبوں میں گفٹ تقسیم کئے جاتے ہیں۔ وزراء نے بتایا کہ رمضان المبارک کے موقع پر ریاست کی 900 مساجد میں دعوت افطار کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ عہدیداروں سے کہا گیا کہ 29 اپریل کی چیف منسٹر کی دعوت افطار کے انتظامات پر خصوصی توجہ مرکوز کریں۔ فوڈ انسپکٹرس کو ہدایت دی گئی کہ وہ پکوان کی نگرانی کریں۔ وزیر اقلیتی بہبود نے بتایا کہ چیف منسٹر کے سی آر ہر سال دعوت افطار کا اہتمام کرتے ہیں۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ بعض نادان لوگ دعوت افطار کی مخالفت کررہے ہیں حالانکہ یہ تلنگانہ تہذیب کا حصہ ہے۔ر