چیف منسٹر کے سی آر نے وزراء کو اضلاع میں بارش کی صورتحال کا جائزہ لینے کی ہدایت دی

,

   

اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری ، سری رام ساگر پراجکٹ کے 40 گیٹس ، سری پدایلم پراجکٹ کے 25 گیٹس ، لوور مانیر ڈیم کے 20 گیٹس کھول دئیے گئے
ضلع ناگر کرنول میں مکان کے منہدم ہونے سے ایک ضعیف خاتون کی موت ، ونپرتی کی سڑکیں جھیل میں تبدیل ، فصلوں کو نقصان
حیدرآباد :۔ ریاست کے مختلف اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ جس سے کئی مقامات پر ندیاں ، تالاب لبریز ہو کر بہہ رہی ہیں ۔ سری رام ساگر کے 40 گیٹس کھول دئیے گئے ہیں ۔ پانی کئی گاؤں میں داخل ہوگیا ہے ۔ کئی علاقے جھیل میں تبدیل ہوگئے ہیں ۔ ضلع ناگر کرنول کے کولہا پور منڈل میں ایک مکان کے منہدم ہوجانے سے 65 سالہ ضعیف خاتون دیواماں ہلاک ہوگئی ۔ ریاست کے مختلف اضلاع کے کھیتوں میں پانی داخل ہوگیا ہے ۔ پانی کے بہاؤ سے کئی برجس بہہ گئے ہیں ۔ جس سے ٹرانسپورٹ نظام درہم برہم ہوگیا ہے ۔ تماجی پیٹ منڈل میں صبح سے دھواں دھار بارش ہورہی ہے ۔ جس سے اس کے حدود میں شامل گاؤں کے کئی تالاب ، کنٹے لبریز ہوگئے ۔ کلواکرتی منڈل کے گنڈور گاوں میں پانی کی وجہ سے گاوں کے عوام کا عام زندگی سے رشتہ ٹوٹ گیا ۔ کئی مقامات پر دھان اور روئی کی فصلوں کو نقصان پہونچا ۔ ضلع سدی پیٹ میں منڈا پلی واگو لبریز ہو کر بہہ رہی ہے جس سے آمد و رفت کی سرگرمیاں مفلوج ہوگئی ہیں ۔ ضلع ونپرتی میں بھی زور دار بارش ہورہی ہے ۔ تمام آب گیر علاقے جھیل میں تبدیل ہوگئے ہیں ۔ ضلع ہیڈ کوارٹر کے رام نگر ، شنکر نگر ، برہمنا ویدھی ، شیوتیا نگر ، رام تھیٹر کے علاقوں میں پانی سڑکوں پر سے بہہ رہا ہے ۔ گھروں میں پانی داخل ہوگیا ۔ جس سے مقامی عوام کافی پریشان ہیں ۔ اس کے علاوہ ناگر کرنول اور گدوال کے درمیان پانی کی وجہ سے آمد و رفت کا سلسلہ بند ہوگیا ہے ۔ اس کے علاوہ رے پلی منڈل میں بارش کی وجہ سے کئی مکانات میں پانی داخل ہوگیا ہے ۔ کئی منڈل کے کھیتوں میں پانی جمع ہوگیا ۔ گوپال پیٹ کا بڑا تالاب لبریز ہونے سے کئی گھروں اور کھیت پانی میں ڈوب گئے ۔ جس سے ٹرانسپورٹ نظام مفلوج ہوگیا ہے ۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اضلاع میں زیادہ بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔ سب سے زیادہ گوپال پیٹ منڈل میں 145.5 ملی میٹر ، گھن پور میں 126.5 ملی میٹر نیاکل میں 126.6 ملی میٹر ونپرتی ضلع ہیڈکوارٹر میں 110.8 ملی میٹر ۔ کتہ کوٹہ میں 93 ملی میٹر ۔ وپنگا گنڈلہ میں 110 ملی میٹر بارش ہوئی ۔ سری رام ساگر پراجکٹ میں پانی لبریز ہونے پر 40 گیٹس کھول دئیے گئے ۔ پراجکٹ میں 21 لاکھ کیوسکس پانی جمع ہورہا ہے اور اسی مقدار میں 21 لاکھ کیوسکس پانی خارج کیا جارہا ہے ۔ لوور مانیر ڈیم کے 20 گیٹس کھول کر 57652 کیوسکس پانی چھوڑا جارہا ہے ۔ سری پدایلم پلی پراجکٹ کے 25 گیٹس کھول کر 72509 کیوسکس پانی چھوڑا جارہا ہے ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی ہونے کے بعد چیف منسٹر نے وزراء اور ارکان اسمبلی کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع اور متعلقہ اسمبلی حلقوں کو پہونچکر بارش کی صورتحال کا جائزہ لیں ۔ متاثرہ عوام کو راحت فراہم کرنے کے اقدامات کریں ۔ کلکٹرس اور سرکاری مشنریز کو متحرک کریں ۔ بارش سے تباہ فصلوں کے نقصانات کی رپورٹ تیار کریں ۔ مخدوش مکانات میں مقیم عوام کو دوسرے محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے اقدامات کریں ۔۔