لنچ پر قومی سیاست پر تبادلہ خیال ، اہم قائدین سے ملاقات باقی، تیسرے محاذ کی سرگرمیوں پر تجسس برقرار
حیدرآباد۔ 3 مارچ (سیاست نیوز) قومی سطح پر بی جے پی کے متبادل کی تشکیل کی سرگرمیوں کے سلسلہ میں گزشتہ تین دن سے نئی دہلی میں قیام پذیر چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے آج پہلی مرتبہ قائدین سے ملاقات کا آغاز کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ دو دن سے چیف منسٹر کے سی آر اور اُن کی اہلیہ شوبھا آئی اسپیشلسٹ اور ڈینٹل ڈاکٹرس کے آپائینٹمنٹ میں مصروف تھے۔ چیف منسٹر نئی دہلی اروند کجریوال سے ملاقات کا وقت ابھی تک طے نہیں پایا ہے۔ بی جے پی کے سینئر قائد و رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر سبرامنیم سوامی اور معروف کسان رہنما بھارتیہ کسان یونین کے قومی ترجمان راکیش سنگھ ٹکیٹ نے آج چیف منسٹر سے ملاقات کی اور دونوں قائدین کے ساتھ کے سی آر نے لنچ کیا۔ رکن کونسل کویتا، نائب صدرنشین پلاننگ بورڈ بی ونود کمار، رکن راجیہ سبھا جے سنتوش کمار اس موقع پر موجود تھے۔ نئی دہلی میں ہمخیال قومی اور علاقائی جماعتوں کے قائدین سے ملاقات کے مقصد سے دہلی پہونچنے والے کے سی آر کی بی جے پی رکن راجیہ سبھا سبرامنیم سوامی سے ملاقات پر سیاسی حلقوں میں حیرت کا اظہار کیا جارہا ہے۔ سبرامنیم سوامی ملک کی خارجہ پالیسی اور داخلی اُمور سے نمٹنے کے مودی حکومت کے طریقہ کار سے ناراض ہیں جس کا اُنھوں نے بارہا کھل کر اظہار کیا ہے۔ بی جے پی میں رہتے ہوئے حکومت کی مخالفت کرنے والے سبرامنیم سوامی کی کے سی آر سے ملاقات تیسرے محاذ کی تشکیل میں کس حد تک مددگار ثابت ہوگی، اِس بارے میں فوری تبصرہ کرنے سے ٹی آر ایس قائدین انکار کررہے ہیں۔ لنچ میں موجود ٹی آر ایس کے ایک قائد نے کہاکہ سبرامنیم سوامی کی ملاقات ماہر معاشیات کی حیثیت سے ہوئی ہے اور ملک کی معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیف منسٹر کے دفتر سے ملاقات کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں تاہم ذرائع کے مطابق راجندر سنگھ ٹکیٹ سے اترپردیش کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں بات چیت کی گئی۔ ٹکیٹ نے چیف منسٹر کو بتایا کہ اترپردیش میں صورتحال بی جے پی کے حق میں نہیں ہے تاہم نتیجہ کا انحصار ووٹوں کی تقسیم اور عدم تقسیم پر منحصر رہے گا۔ بی جے پی کی نشستوں میں کمی ہوتی ہے تو وہ بہوجن سماج پارٹی سے مابعد چناؤ مفاہمت کے لئے تیار ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ تین دن میں کے سی آر سے کسی بھی اہم قومی اور علاقائی سیاسی قائد نے ملاقات نہیں کی۔ یہ بات ابھی طے نہیں ہوئی ہے کہ چیف منسٹر دہلی قیام میں مزید توسیع کریں گے یا پھر اسمبلی بجٹ اجلاس کی تیاریوں کے سلسلہ میں حیدرآباد واپس ہوں گے۔ نئی دہلی روانگی سے قبل چیف منسٹر نے ممبئی کا دورہ کیا تھا جہاں چیف منسٹر ادھو ٹھاکرے اور این سی پی سربراہ شردپوار سے ملاقات کی تھی۔ تیسرے محاذ کے مسئلہ پر وہ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی اور چیف منسٹر ٹاملناڈو ایم کے اسٹالن سے بات چیت کرچکے ہیں۔ ر