چیف منسٹر گوا منوہر پاریکر کی مکمل فوجی اعزازات کیساتھ آخری رسومات

   

پنجی، 18 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) گوا کے وزیر اعلی منوہر پاریکر کی مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ پیر کی شام کو آخری رسومات ادا کی جائیں گی ۔ مرکزی حکومت نے سابق وزیر دفاع اور چار مرتبہ گوا کے وزیر اعلی رہے مسٹر پاریکر کے انتقال پر آج قومی سوگ کا اعلان کیا ہے ، اس دوران سرکاری دفاتر میں قومی پرچم آدھا جھکا رھے گا۔گوا میں سات دن تک قومی سوگ رہے گا۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی طرف سے جاری بیان کے مطابق مسٹر پاریکر کے جسد خاکی کو آخری دیدار کے لئے صبح ساڑھے نو بجے سے ساڑھے دس بجے تک یہاں پارٹی دفتر میں رکھا جائے گا۔اس کے بعد اسے ‘کلا اکیڈمی’ لے جایا جائے گا جہاں 11 بجے سے شام چار بجے تک عام شہری اپنے لیڈر کو خراج عقیدت پیش کر سکیں گے ۔ مسٹر پاریکر کے جسد خاکی کو چار بجے میرامر لے جایا جائے گا جہاں سے ان کا آخری سفر شروع ہوگا۔ شام پا نچ بجے ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی ۔ پارٹی ذرائع کے مطابق مسٹر پاریکر کی آخری رسومات میں وزیر اعظم نریندر مودی، بی جے پی صدر امت شاہ سمیت پارٹی کے سینئر لیڈروں کے شامل ہونے کا امکان ہے ۔ آج صبح 10 بجے مرکزی کابینہ کی میٹنگ بھی بلائی گئی ہے ۔ مسٹر پاریکر کا اتوار کی شام کو انتقال ہو گیا تھا۔ گزشتہ سال فروری میں ان کے پینکریا میں کینسر کا پتہ چلا تھا جس کے بعد ان کا امریکہ، دہلی، ممبئی اور گوا میں علاج چلا تھا لیکن وہ صحت یاب نہیں ہوئے ۔ گزشتہ دنوں ان کی طبیعت اچانک بگڑ گئی تھی۔ سال 2001 میں ان کی بیوی میدھا کا بھی کینسر سے انتقال ہو گیا تھا۔صاف ستھری سیاست اور نرم رویے کے لئے مشہور مسٹر پاریکر کے انتقال کی خبر آتے ہی ملک میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند ، نائب صدر وینکیا نائیڈو اور وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر خزانہ ارون جیٹلی، مرکزی وزیرنتن گڈکری، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر لال کرشن اڈوانی، کانگریس صدر راہل گاندھی، مختلف سیاسی جماعتوں کے لیڈروں ، کابینہ کے ارکان اور کئی ریاستوں کے وزرائے اعلی نے مسٹر پاریکر کے انتقال پر گہرا رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔