چینی صدر کی یورپی کونسل کے صدرسے ملاقات

   

بیجنگ: چین کے صدر شی جن پھنگ نے جمعرات کو بیجنگ میں یورپی کونسل کے صدر چارلس مشیل سے ملاقات کی۔ صدرشی نے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی)کی 20ویں قومی کانگریس کے اختتام کے بعد یورپی یونین کے تمام رکن ممالک کی جانب سے یورپی کونسل کے صدر کا دورہ چین کے ساتھ تعلقات کی ترقی کے لیے یورپی یونین کی نیک نیتی کو ظاہر کرتا ہے۔ اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ چین اور یورپی یونین عالمی امن کے لیے دو بڑی طاقتیں ، مشترکہ ترقی کی دو بڑی منڈیاں اور انسانی ترقی کی دو بڑی تہذیبیں ہیں، چینی صدرنے کہا کہ چین۔یورپی یونین کے تعلقات کا فروغ اور باہمی مفاد میں پیش رفت چین، یورپی یونین اور بین الاقوامی برادری کے مشترکہ مفاد میں ہے۔صدر شی نے مزید کہا کہ بین الاقوامی صورتحال جتنی زیادہ گمبھیر اور عالمی چیلنجز جتنے نمایاں ہوتے جائیں گے، چین اور یورپی یونین تعلقات کی عالمی اہمیت اتنی ہی زیادہ ہوگی۔