چینی صدر کے دورہ ہند پر تجسس ختم ‘ ژی جن پنگ ہندوستان آئیں گے

,

   

12 اور 13 ستمبر کو نئی دہلی میں ہونے والی برکس چوٹی کانفرنس میں شرکت کی توثیق ۔ وزیر اعظم مودی سے باہمی ملاقات کا بھی امکان

نئی دہلی ۔ 10 ستمبر ( ایجنسیز ) چین کے صدر ژی جن پنگ جاریہ ہفتے کے اواخر میں ہندوستان کا دورہ کریں گے اور نئی دہلی میں ہونے والی برکس چوٹی کانفرنس میں شرکت کریں گے ۔ حکومت نے آج اس بات کی توثیق کی ۔ اس طرح چینی صدر کی اس کانفرنس میںشرکت کے تلق سے جاری غیر یقینی صورتحال کا خاتمہ ہوا ۔ چینی وزارت خارجہ نے اس سلسلہ میں ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی دعوت پر چین کے صدر ژی جن پنگ 18 ویں برکس چوٹی کانفرنس میں شرکت کریں گے جو نئی دہلی میں منعقد ہو رہی ہے ۔ یہ کانفرنس 12 اور 13 ستمبر کو ہونے والی ہے ۔ قبل ازیں چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ژی جن پنگ کے دورہ ہند کے تعلق سے توثیق کرنے سے انکار کردیا تھا ۔ ان کا کہنا تھا کہ جو سوال پوچھا گیا ہے اس کے تعلق سے وہ کچھ نہیں جانتے ۔ ترجمان سے سوال کیا گیا تھا کہ آیا چینی صدر برکس چوٹی کانفرنس میں شرکت کیلئے ہندوستان کا دورہ کرنیو الے ہیں یا نہیں ۔ ژی جن پنگ کا یہ دورہ ہندوستان گذشتہ سات برسوں میں ہندوستان کا پہلا دورہ ہوگا ۔ کہا گیا ہے کہ گلوان وادی میں 2020 میں ہوئی کشیدگی کے بعد یہ پہلا دورہ ہے ۔ ان جھڑپوں میں 20 ہندوستانیوں کی موت ہوگئی تھی ۔ ژی جن پنگ نے آخری مرتبہ 2019 میں ہندوستان کا دورہ کیا تھا اور چینائی کے قریب مملان پورم میں وزیر اعظم مودی سے غیر رسمی ملاقات کی تھی ۔ یہ دعوی کیا جا رہا ہے کہ دونوں ملکوں کے مابین حالیہ وقتوں میں تعلقات میں بہتری آئی ہے ۔ وزیر اعظم مودی نے گذشتہ سال چین کا دورہ کیا تھا اور امریکہ کے ساتھ تعلقات کے معاملہ میں دونوں ہی ممالک کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ ہندوستان نے اس کے بعد سے چینی سرمایہ کاری پر کچھ تحدیدات میں نرمی پیدا کی ہے ۔ 2020 کی جھڑپوں کے تعد یہ تحدیدات عائد کی گئی تھیں۔ الیکٹرانکس ‘ کیپیٹل گڈس اورسولار سیل شعبہ میں چین کو سرمایہ کاری کی اجازت دی گئی ہے ۔ چین کی وزارت خارجہ نے بتایا کہ ژی جن پنگ اور وزیر اعظم مودی کا خیال ہے کہ ہندوستان اور چین شراکت دار ہیں ایک دوسرے سے مقابلہ کرنے والے ممالک نہیں ہیں ۔ یہ دونوں ممالک مواقع کی نمائندگی کرتے ہیں اور کسی کیلئے خطرہ نہیں ہیں۔ دونو قائدین نے جاریہ مہینے کرغزستان میں ہوئے ایک اجلاس میں مختصر سی ملاقات ہوئی تھی ۔ درائع نے کہا کہ چینی کمپنیوں نے حالیہ عرصہ میں ہندوستان میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار بھی کیا ہے ۔