چینی مانجہ کی فروختگی کے خلاف کارروائی

   

دو افراد گرفتار، مانجہ کا ذخیرہ ضبط ، ٹاسک فورس کی کارروائی
حیدرآباد۔/10جنوری، ( سیاست نیوز) چینی مانجہ فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ٹاسک فورس پولیس نے دو افراد کو گرفتار کرلیا۔ ویسٹ زون کی ٹاسک فورس ٹیم نے پرانا پل اور ظفر روڈ پر واقع دو دکانات سے کثیر مقدار میں جان لیوا چینی مانجہ کو ضبط کرلیا اور دو افراد کو گرفتار کرلیا۔ پرانا پل کے علاقہ میں 36 سالہ چندراپال سنگھ چندو پتنگ گھر کے نام سے دوکان چلارہا تھا اور 36 سالہ محمد بشیر بیوٹی پتنگ شاپ کے نام سے ظفر روڈ یاقوت پورہ پر دوکان چلارہا تھا ایک اطلاع پر ویسٹ زون ٹاسک فورس پولیس نے ان دکانات پر دھاوا کیا اور ان دوکانات سے بڑے پیمانہ پرکثیر مقدار میں ذخیرہ کئے گئے چینی مانجہ کو ضبط کرلیا۔ حکومت کی جانب سے پرندوں اور انسانوں کے لئے جان لیوا ثابت ہورہے اس چینی مانجہ کی فروخت اور استعمال پر پابندی لگادی تھی باوجود اس کے مارکٹ میں اس طرح کی غیر قانونی سرگرمیاں جاری ہیں۔ پولیس نے ان دوکانات سے 289 چرخ پر مشتمل 2 لاکھ 89 ہزار روپئے کے مانجہ کو ضبط کرلیا۔