آئیچی ناگویا، 23ستمبر (یواین آئی) ہندوستانی مردوں کی بیڈمنٹن ٹیم کو چہارشنبہ کو جاپان کے آئیچی میں کھیلے گئے ایشین گیمز 2026کے سیمی فائنل میں پیپلز ری پبلک آف چائنا کے خلاف 3-1 سے شکست کے بعد برونز میڈل پر اکتفا کرنا پڑا۔ ہانگژو 2023 میں سلور میڈل جیتنے والی ہندوستانی ٹیم مسلسل دوسرے ایشین گیمز میں پوڈیم تک پہنچنے میں کامیاب رہی، تاہم فائنل میں جگہ نہیں بنا سکی۔ساتوک سائی راج رنکی ریڈی اور چراغ شیٹی نے مردوں کے ڈبلز مقابلے میں موجودہ عالمی چمپئن جوڑی لیانگ وی کینگ اور وانگ چانگ کو 21-11، 22-20 سے شکست دے کر مقابلے میں ہندوستان کی واحد کامیابی حاصل کی۔اس سے قبل بیڈمنٹن عالمی رینکنگ میں 14ویں نمبر کے لکشیا سین کو اچینومیا سٹی میونسپل جمنازیم میں کھیلے گئے پہلے مقابلے میں 2025کے عالمی چمپئن شی یوکی کے خلاف 21-16، 21-18 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ لکشیا نے اچھی شروعات کی، لیکن شی یوکی نے واپسی کرتے ہوئے پہلا گیم جیت لیا۔ ہندوستانی کھلاڑی نے دوسرے گیم میں بھی مقابلہ سخت کرتے ہوئے اسکور16-16 سے برابرکیا، لیکن چینی کھلاڑی نے آخرکارکامیابی حاصل کرلی۔اس کے بعد عالمی ڈبلز رینکنگ میں پانچویں نمبرکی ساتوک اور چراغ کی جوڑی نے دنیا کی نمبر تین چینی جوڑی کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اسی جوڑی نے گزشتہ ماہ نئی دہلی میں عالمی چمپئن شپ میں ساتوک اور چراغ کو شکست دے کر بعد میں خطاب بھی اپنے نام کیا تھا۔ ایشین گیمز میں مردوں کے ڈبلزکی موجودہ چمپئن ہندوستانی جوڑی نے پہلے گیم میں غلبہ برقرار رکھا، جبکہ دوسرے گیم میں اسے چینی جوڑی کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔چینی جوڑی نے دو میچ پوائنٹس بچاتے ہوئے اسکور 20-20 سے برابرکردیا، تاہم ہندوستانی کھلاڑیوں نے تحمل کا مظاہرہ کیا اور تیسرے موقع کو کامیابی میں تبدیل کرتے ہوئے ہندوستان کو 1-1سے برابری دلادی۔ بیڈمنٹن ایشیا چمپئن شپ میں سلور میڈل جیتنے والے آیوش شیٹی کو عالمی نمبر 12 لی شی فینگ نے 21-19، 21-13 سے شکست دے دی، جس سے چین نے ایک بار پھر برتری حاصل کرلی۔ 21سالہ ہندوستانی کھلاڑی نے رواں سال کے آغاز میں براعظمی چمپئن شپ میں لی شی فینگ کو شکست دی تھی۔ اس بار سخت مقابلے والے پہلے گیم میں آیوش وقفے تک 11-10سے آگے تھے ۔ دوسرے گیم میں بھی انہوں نے 16-13کے اسکور پر فرق کم کرکے تین پوائنٹس کردیا، لیکن چینی کھلاڑی کو جیت سے نہیں روک سکے ۔ ہندوستان کے 1-2 سے پیچھے ہونے کے بعد ہرِہَرن امساکرونن اور ایم آر ارجن نے چوتھے اور فیصلہ کن مقابلے میں ہی جی ٹنگ اور لیو یی کا سامنا کیا۔ تاہم، ہندوستانی جوڑی کو 21-16، 17-21، 21-9سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔