بیجنگ ء بحیرہ جنوبی چین میں سمندری طوفان کے دوران جہاز کے دو ٹکڑے ہونے کے بعد عملے کے 2 درجن سے زائد ارکان لاپتہ ہوگئے ہیں جنہیں تلاش کرنے کیلئے امدادی کارکنان سرگرداں اور متحرک ہیں۔ رپورٹ کے مطابق چین میں رواں سال آنے والے پہلے طوفان کے دوران جنوبی ساحلوں پر شدید آندھی چلی اور خوب بارش ہوئی جب کہ پیشن گوئی کرنے والوں نے ملک کے سب سے زیادہ آبادی والے گوانگ ڈونگ سمیت دیگر صوبوں میں ریکارڈ بارشوں اور ان کے نتیجے میں تباہی کے انتہائی خطرے سے متنبہ کیا ہے۔قومی موسمیاتی مرکز نے ایک بیان میں بتایا کہ سمندری طوفان جسیچابا کا نام دیا گیا تھا، ہفتے کی دوپہر گوانگ ڈونگ کے ماومنگ شہر سے ٹکرانے کے بعد شمال مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے۔ہانگ کانگ گورنمنٹ فلائنگ سروس کے مطابق طوفان سے انجینئرنگ جہاز جو ہانگ کانگ سے 160 ناٹیکل میل جنوب مغرب میں موجود تھا اسے کافی نقصان پہنچا اور وہ دو ٹکڑے ہو گیا جب کہ جہاز پر موجود 30 رکنی عملہ اس سے اتر گیا تھا۔حکام نے بتایا کہ 3 افراد کو بچا لیا گیا اور علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔