چین میں کورونا وائرس: 563 افراد ہلاک،28ہزار متاثر

   

بیجنگ، 6 فروری (سیاست ڈاٹ کام) چین میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 563 ہو گئی ہے جبکہ 28,018 لوگوں میں اس کے اثرات پائے جانے کی تصدیق ہوئی ہے ۔چین کی سرکاری صحت کمیٹی نے جمعرات کو ایک بیان جاری کرکے یہ اطلاع دی۔چین کی سرکاری صحت کمیٹی کے مطابق پانچ فروری کی آدھی رات تک 31 صوبوں سے اطلاع ملی، جس کے مطابق کورونا وائرس کے 28,018 کیسز کی تصدیق کی جا چکی ہے جس میں 3859 لوگوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے ،563 لوگوں کی موت ہو چکی ہے اور 1153 افراد کو ہاسپٹل سے چھٹی دے دی گئی ہے ۔اس سے پہلے چہارشنبہ کو جاری رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس سے 490 افراد ہلاک ہو گئے تھے اور 24,324 معاملات کی تصدیق ہوئی تھی۔