ٹورنٹو: کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے خبردار کیا ہیکہ چین ان کے ملک کی جمہوریت اور اداروں کے ساتھ ’جارحانہ گیمز‘ کھیل رہا ہے۔میڈیاکے مطابق وزیراعظم ٹروڈو کا یہ بیان کینیڈا کے مقامی چینل ’گلوبل نیوز‘ پر چلنے والی رپورٹ کے بعد آیا ہے جس میں کینیڈا کے انتخابی عمل کو متاثر کرنے کی غرض سے چین کی جانب سے فنڈنگ کا انکشاف ہوا ہے۔ وزیراعظم ٹروڈو نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی عمل اور نظام کو مضبوط کرنے کیلئے خاطر خواہ اقدامات کیے ہیں۔’انتخابات، جمہوریت اور اداروں میں بیرونی مداخلت کے خلاف اقدامات کرتے رہیں گے‘۔ انہوں نے کہا کہ ’بدقستی سے ایسے ملک اور ریاستی عناصر موجود ہیں، چاہے وہ چین یا کوئی اور جو ہماری جمہوریتوں اور اداروں کے ساتھ جارحانہ کھیل کھیل رہے ہیں۔ کینیڈا کے گلوبل نیوز چینل پر چلنے والی رپورٹ میں کہا گیا کہ خفیہ اداروں کے حکام نے ٹروڈو انتظامیہ کو آگاہ کیا ہیکہ چین ان کے انتخابی عمل پر اثرانداز یا خلل پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔رپورٹ کے مطابق چین نے کینیڈین رکن پارلیمان اور دیگر کے ذریعہ 11 وفاقی انتخابی امیدواروں اور چینی اہلکاروں کو فنڈز ٹرانسفر کیے جو انتخابی مہم چلانے والے عملے کا حصہ ہیں۔رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ پالیسی پر اثرانداز ہونے کی غرض سے چین نے پارلیمانی ارکان کے دفاتر میں اپنے ایجنٹس تعینات کرنے کی کوشش کی ہے۔گزشتہ ماہ کینیڈا کی پولیس نے کہا تھا کہ وہ اپنے چند اسٹیشنوں میں مجرمانہ سرگرمیوں سے متعلق رپورٹ کا جائزہ لے رہی ہے۔