چین کے منصوبوں سے ہندوستان کے دفاع کو خطرہ

   

سرحد پر مواضعات کی تعمیر تشویشناک ، دراندازی کے واقعات میں اضافہ کا امکان

نئی دہلی : چین کے خفیہ منصوبوں اور سرحد پر مواضعات کی تعمیر ہندوستان کے دفاع کیلئے خطرہ سمجھا جارہا ہے ۔ چین کے توسیع پسندانہ عزائم پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے ہندوستانی ذرائع نے کہاکہ چین نے بارڈر ڈیفنس ویلیجس تعمیر کرنے کی حکمت عملی تیار کرتے ہوئے مقبوضہ تبت اور بیرون دنیا کے درمیان ایک سیکوریٹی رکاوٹ کھڑا کرنا چاہتا ہے ۔ زائد از 60سال قبل چین کی فوج نے جو قدم اٹھائے تھے وہ اب بھی جاری ہیں ۔ رپورٹس کے مطابق چین کی کمیونسٹ پارٹی کے کیڈر کو ان مواضعات میں تعینات کیا جارہا ہے تاکہ دشمن طاقتوں کی دراندازی کو روکا جاسکے ۔ سال 2019ء میں چینی حکومت نے تبت کے دارالحکومت لہاسہ میں ایک بڑی سرنگ اور پل تعمیر کرتے ہوئے اس علاقہ کو جوڑ دیا تھا ۔ چین کے صوبہ تک ریل رابطہ بھی بنایا گیا تھا ۔ یہ نئی ریلوے لائن چین کی حکمت عملی کیلئے اہم ترین ہے ۔ ہندوستانی سرحد پر مواضعات کی تعمیر سے ہندوستان کی دفاع پر سنگین اثرات مرتب ہوں گے ۔ یہ بارڈر ڈیفنس ویلیجس سرحدی علاقوں کے جغرافیہ کو ہی بدل دیں گے ۔ 2017ء سے یہاں پر ہند۔چین فوج کے درمیان کشیدگی اور تعطل پایا جاتا ہے ۔ تبت کو نہایت ہی حساس اور حکمت عملی والا علاقہ سمجھا جاتا ہے اور یہ علاقہ ہندوستانی سرحد سے ملتا ہے ۔ اگر چین نے اس خطہ میں اپنا اثر و رسوخ بڑھالیا تو اس سے چین کی فوج کو سری گری کوریڈور تک رسائی کی اجازت ہوگی ۔ چین کے ذرائع نے بتایا کہ ہندوستان کی طرف سے شمال مشرقی علاقوں تک رسائی کے بعد جنگ یا تنازعات پیدا ہوئے ہیں ۔ چین کے صدر ژی جن پنگ نے کہا تھا کہ ملک کی سرحدوں کی سختی سے حفاظت کی جائے گی ۔ پورے ملک کا نظم و نسق مضبوط ہاتھوں میں ہیں ۔ تبت میں بارڈر ڈیفنس ویلیجس تعمیر کرنے کا منصوبہ چین کے دیرینہ منصوبہ کا حصہ ہے ۔ تبت خود مختاری علاقہ کے سرحدی حصوں میں چین اپنی تعمیرات کو فروغ دے رہا ہے ۔ ان مواضعات میں چین کی فوج کو تعینات کیا جائے گا ۔ دلائی لاما کے وفاداروں یا تبتیوں کے دشمن طاقتو ں کی دراندازی کی کوشش کا چین منہ توڑ جواب دینے کی تیاری کرچکا ہے ۔ سرحدوں پر مواضعات کی تعمیر ان راستوں پر کی جارہی ہے جہاں سے ہوکر تبت پہنچا جاسکتا ہے ۔ ان مواضعات میں رہنے والوں کیلئے دوسرا اہم رول یہ ہوگا کہ وہ یہاں آبادی کی حمل و نقل پر کڑی نظر رکھیں۔ یہ سرحدی مواضعات کو کئی مقاصد کیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے ۔