19 لاکھ کے منجملہ صرف 14 لاکھ پنشنرس نے تصدیق کرائی، بصورت دیگر پنشن سے محرومی کا خطرہ
حیدرآباد۔ 17 جون (سیاست نیوز) ریاستی حکومت نے تلنگانہ میں ’’چیوتھا پنشن‘‘ اسکیم کے استفادہ کنندگان کیلئے ایک اہم ترین معلومات الرٹ جاری کیا ہے۔ حکومت نے پنشنرس کیلئے لازمی زندہ ہونے کی تصدیق (Liveness Authentication) کا عمل مکمل کرنے کی آخری تاریخ کو بڑھاکر 22 جون کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ یہ فیصلہ اس لئے کیا گیا ہے تاکہ تمام اہل افراد کو بغیر کسی رکاوٹ کے آسانی سے پنشن مل سکے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ریاست بھر میں چیوتھا اسکیم کے تحت مستفید ہونے والے پنشنرس کی جملہ تعداد تقریباً 19 لاکھ ہے تاہم حکومت کی طرف سے دی گئی مہلت تک صرف 14 لاکھ استفادہ کنندگان نے کامیابی سے اپنے زندہ ہونے کی تصدیق کا عمل مکمل کیا ہے۔ مزید 5 لاکھ پنشنرس کا یہ عمل مکمل ہونا باقی ہے۔ حکومت نے محکمہ پنچایت راج اور دیہی ترقی کے عہدیداروں کو سخت احکامات جاری کئے ہیں کہ وہ 22 جون تک ماباقی تمام مستحقین کا تصدیق کا عمل صدفیصد مکمل کریں۔ اعلیٰ عہدیداروں نے ان تمام پنشنرس کو جن کا عمل ابھی زیرالتواء ہے، مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے متعلقہ دیہی علاقوں کے عہدیداروں سے فوری طور پر رابطہ کریں اور مقررہ تاریخ سے پہلے تصدیق لازمی کرالیں۔ قواعد کے مطابق جو لوگ 22 جون تک یہ عمل مکمل نہیں کریں گے، انہیں مستقبل میں پنشن سے محروم ہونے کا شدید خطرہ رہے گا۔2 JM