چیوڑلہ میں خوفناک سڑک حادثہ، ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق

,

   

حیدرآباد۔ ضلع رنگاریڈی کے چیوڑلہ علاقہ میں پیش آئے خوفناک سڑک حادثہ میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاںبحق اور تین زخمی ہوگئے۔ حادثہ اس قدر خوفناک تھا کہ 6 افراد برسر موقع ہلاک ہوگئے تاہم ایک کمسن لڑکا کرشماتی طور پر محفوظ رہا۔ متوفی خاندان کا تعلق پرانے شہر کے علاقہ تاڑبن سے بتایا گیا ہے۔ یہ خاندان ریاست کرناٹک کے گرمٹکال جارہا تھا۔ یہ تمام ایک انووا کار میں سوار تھے ۔چیوڑلہ حدود میں ایک بورویل کی لاری کی مبینہ لاپرواہی کے سبب یہ خوفناک حادثہ پیش آیا۔ جائے حادثہ پر دلخراش مناظر کو دیکھ کر راہگیر بھی برہم ہوگئے اور کمسن بچہ کے سوال پر مسافرین اور راہگیر اشکبار ہوگئے جو ایک ٹائر پر بیٹھے اپنی والدہ ، بہن اور پھوپی کی نعش کو حیرت سے دیکھ رہا تھا، اس کی آنکھوں میں خوف اور حادثہ کی دہچک سے اس کمسن پر سکتہ طاری ہوگیا تھا۔ اس حادثہ کی اطلاع کے ساتھ ہی پولیس چیوڑلہ فوری مقام حادثہ پہنچ گئی اور زخمیوں کو ہاسپٹل منتقل کیا۔ حادثہ کے مقام سے نعشوں کو منتقل کرنے کے دوران کافی مشکلات پیش آئیں جیسے ہی اس المناک واقعہ کی اطلاع تاڑبن پہنچی رشتہ دار، دوست احباب نے چیوڑلہ کا رُخ کیا اور تاڑبن میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ مہلوکین کی شناخت 46سالہ محمد آصف خاں ، 40 سالہ فوزیہ بیگم جو میاں بیوی بتائے گئے ہیں۔ 18 سالہ ثانیہ مہک ( آصف خاں کی بیٹی )، 28 سالہ عرشیہ بیگم زوجہ طیب بیگ ، نازیہ بیگم 30 سالہ زوجہ خالد( آصف خاں کی بہنیں)، 4 سالہ عرشیہ (طیب بیگ کی دختر ) کی حیثیت سے کی گئی جبکہ زخمیوں میں 36 سالہ انور خاں،6 سالہ شاکر بیگ، 14 سالہ ایان خاں، 55 سالہ طیب علی بیگ اور 40 سالہ خالد شامل ہیں۔ آخری اطلاع کے مطابق ایک شخص علاج کے دوران فوت ہوگیا جن کے نام کی تصدیق نہیں ہوپائی ۔ پولیس نے ضابطہ کی کارروائی کے بعد مقدمہ درج کرلیا۔