ڈابر کو ’100 فیصد‘ دعووں والی شہد، گھی اور دیگر غذائی مصنوعات کی فروخت روکنے کا حکم

   

نئی دہلی۔ 4 اگست (ایجنسیز) اگر آپ ڈابر کا شہد، دیسی گھی، ناریل کا پانی یا ایپل سائڈر ونیگر اس یقین کے ساتھ خریدتے رہے ہیں کہ ان پر درج 100 فیصد خالص یا 100 فیصد قدرتی جیسے دعوے درست ہیں، تو یہ خبر آپ کیلئے اہم ہے۔ FSSAI نے ان دعوؤں کو گمراہ کن قرار دے کر ڈابر انڈیا لمیٹڈ کے خلاف سخت کارروائی کی ہے اور کمپنی کو ایسے دعووں کے ساتھ متعدد غذائی مصنوعات کی فروخت فوری روکنے کی ہدایت دی ہے۔ ایف ایس ایس اے آئی کے مطابق ڈابر کی مختلف مصنوعات، جن میں آرگینک شہد، ایپل سائڈر ونیگر، ورجن ناریل کا تیل، تل کا تیل، گائے کا گھی، ناریل کا پانی اور ناریل کا دودھ شامل ہیں، ان پر صد فیصد خالص ‘ صد فیصد نیچرل اور صد فیصد آرگانک جیسے الفاظ استعمال کیے جا رہے تھے۔ ریگولیٹر کا کہنا ہے کہ یہ دعوے نہ صرف مبہم ہیں بلکہ ان کی مکمل تصدیق بھی ممکن نہیں ۔ کمپنی کو پہلے بھی نوٹس جاری کر کے متنبہ کیا گیا تھا اسی بنا پر ڈابر کو باضابطہ حکم جاری کیا گیا کہ وہ ایسی ہر پروڈکٹ کی فروخت فوری طور پر بند کرے جس پر گمراہ کن “100 فیصد’’ دعوے درج ہیں۔