ڈاکٹرس مہینہ میں ایک رات پرائمری ہیلت سنٹرس میں گذاریں

   

ہریش راؤ بھی ایک رات قیام کریں گے، عوام کیلئے بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات
حیدرآباد۔/5 جون، ( سیاست نیوز) حکومت نے پرائمری ہیلت سنٹرس کی کارکردگی بہتر بنانے ڈاکٹرس کو پابند کیا کہ وہ ہر ماہ کم از کم ایک رات پرائمری ہیلت سنٹر میں گذاریں۔ حکومت نے ضلع میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسرس، پروگرام آفیسرس کو ہدایت دی کہ کم از کم ہر ماہ ایک رات پرائمری ہیلت سنٹرس میں گذاریں جس سے نہ صرف طبی سہولتوں کے معیار میں اضافہ ہوگا بلکہ ہیلت سنٹرس کو مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔ وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ مقامی ہیلت آفیسرس کا دن بھر اور رات میں پرائمری ہیلت سنٹرس میں قیام مقامی آبادی کیلئے فائدہ مند ہوگا اور عوام میں مثبت پیام جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ مقامی ملازمین میں ڈسپلن اور بہتر کارکردگی میں یہ تجویز کارگر ہوگی۔ وزیر صحت نے ضلع میڈیکل آفیسرس کے علاوہ نائب ضلع میڈیکل آفیسرس کو ہدایت دی کہ مہینہ میں کم از کم ایک پرائمری ہیلت سنٹر کا لازمی معائنہ کریں۔ جولائی تک دواخانوں کی کارکردگی میں بہتری نہیں آئے تو عہدیداروں کے خلاف کارروائی کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری دواخانوں میں آپریشن کے ذریعہ زچگیوں کی تعداد میں کمی کی جائے۔ وزیر صحت نے جائزہ اجلاس میں کہا کہ وہ خود بھی ایک رات پرائمری ہیلت سنٹر میں گذاریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے ہفتوں میں میں ایک پرائمری ہیلت سنٹر میں رات گذاروں گا تاکہ مریضوں اور ہیلت ورکرس کو درپیش مسائل اور چیالنجس کا بنیادی سطح پر جائزہ لیا جاسکے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ عہدیداروں کو چاہیئے کہ آپریشن کے بغیر ڈیلیوریز کی تعداد میں اضافہ کریں۔ ر