سنگاریڈی کے موضع ڈاکورمیں ہیلتھ کیمپ ، وزیر صحت ڈی نرسمہا کا خطاب
سنگاریڈی ۔30 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے حلقہ اسمبلی اندول کے موضع ڈاکور میں دھرم شاستر فاؤنڈیشن سہارا ہاسپٹل حیدرآباد کے زیراہتمام ایک مفت میگا ہیلتھ کیمپ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاستی حکومت طب اور صحت کے شعبہ کو مضبوط کررہی ہے تاکہ سرکاری دواخانوں میں عوام کو مفت طبی خدمات فراہم کی جاسکیں۔ کارپوریٹ سطح پر سرکاری دواخانوں میں کینسر، ڈائلیسس، دل سے متعلق اور این سی ڈی کے علاج مفت فراہم کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے دیہی عوام کے لئے میڈیکل کیمپ کے انعقاد پر خوشی واطمینان کا اظہا ر کیا اور کہا کہ دیہی عوام کی صحت سے متعلق جانکاری کے لئے ہیلت کیمپ کارکرد ثابت ہوتے ہیں وزیر صحت نے عوام کو مشورہ دیا کہ ڈاکٹر کی تشخیص اور تجویز کے بغیر ادویا ت کا استعمال نہ کریں ورنہ گردہ کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے دیہی عوام کو مشورہ دیا کہ وہ قریبی جوگی پیٹ سرکاری دواخانہ اور سنگاریڈی کے ضلع سرکاری دواخانہ کو طبی علاج کے لئے استعمال کریں جہاں پر بہتر طبی علاج مفت فراہم کررہے ہیں۔سماجی کارکن ڈاکٹر پرکاشم نے کینسر کے علاج کے لئے حیدرآباد کے سہارا دواخانہ سے رجوع ہونے کا عوام کو مشورہ دیا۔ ڈاکٹر پرکاشم نے ریاستی وزیرصحت دامودر راج نرسمہا سے اظہا ر تشکر کیا۔ وزیرصحت نے کیمپ میں شرکت کرنے والے عوام کی صحت سے متعلق جائزہ لیا اور کیمپ کا انعقاد عمل میں لانے والے فاونڈیشن اور سہارا ہاسپٹل انتظامیہ کی ستائش کی۔ وزیرصحت نے آشا کارکنوں کی بھی ستائش کی۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیکل کیمپ میں حصہ لینے والے سہارا ہاسپٹل کے ڈاکٹروں اور عملے کی ستائش کرتے ہوئے توصیفی سرٹفیکٹس تقسیم کئے۔