ڈاکٹر ایس سومناتھ نے اسرو کے صدرنشین کی ذمہ داری سنبھال لی

   

حیدرآباد15جنوری(یواین آئی) راکٹ سائنسداں ڈاکٹر ایس سومناتھ نے باوقار ہندوستانی خلائی تحقیقی ادارہ (اسرو) صدرنشین کی ذمہ داری گذشتہ رو زسنبھال لی ۔ وہ سیون کے جانشین ہیں جن کی میعاد مکمل ہوگئی ۔ سیون 2018میں اسرو کے سربراہ مقرر کئے گئے تھے ۔دسمبر2020میں ان کی خدمات میں ایک سال توسیع کی گئی تھی۔ عہدہ کی ذمہ داری حاصل کرنے کی تاریخ سے 3سال تک کیلئے سومناتھ اس عہدہ پر برقرار رہیں گے ۔ اسرو کے صدرنشین’خلائی سکریٹری اور خلائی کمیشن کے سربراہ ایک ہی شخص ہوتا ہے ۔ سومناتھ اس سرکردہ خلائی ادارہ کے دسویں صدرنشین ہیں جنہوں نے 22جنوری2018کو وکرم سارابھائی اسپیس سنٹر کے سربراہ کے طور پر ذمہ داری سنبھالی تھی۔سومناتھ نے کولم کے ٹی کے ایم کالج آف انجینئرنگ سے میکانیکل انجینئرنگ میں بی ٹیک کی تھی اور بنگلورو کے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس سے ایرو اسپیس انجینئرنگ میں ماسٹرس کی تھی۔ وہ خلائی گاڑیوں کی سسٹم انجینئرنگ کے ماہر ہیں۔