ڈاکٹر ایم چنا ریڈی کے فرزند رویندر ریڈی کی عوامی خدمات کو خراج تحسین

   

80 ویں سالگرہ تقریب، سپریم کورٹ، ہائی کورٹ کے ججس کے علاوہ مختلف سیاسی پارٹیوں کے قائدین کی شرکت

حیدرآباد۔/19 جون، ( سیاست نیوز ) سابق چیف منسٹر آنجہانی ڈاکٹر ایم چنا ریڈی کے بڑے فرزند ایم رویندر ریڈی کی 80 ویں سالگرہ تقریب میں مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیتوں نے شرکت کی۔ سابق وزیر اور نائب صدرنشین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی ایم ششی دھر ریڈی نے تقریب کا اہتمام کیا تھا۔ رویندر ریڈی نے اپنے والد ڈاکٹر چنا ریڈی کو اسوقت گردہ کا عطیہ دیا تھا جب ڈاکٹرس نے طبیعت بگڑنے پر گردہ کی پیوندکاری کی صلاح دی تھی۔ رویندر ریڈی اپنے والد سے موسوم ڈاکٹر ایم چنا ریڈی میموریل ٹرسٹ کے صدرنشین ہیں۔ انہوں نے روٹری کلب آف حیدرآباد میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ وہ کلب کے صدرنشین رہے۔ اس کے علاوہ روٹری ڈسٹرکٹ گورنر بھی تھے۔ انہوں نے پلس پولیو ٹیکہ اندازی ، ہیپاٹیٹس بی ٹیکہ اندازی اور دیگر پروگراموں میں نمایاں رول ادا کیا۔ وہ آندھرا پردیش کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری رہے جب ڈاکٹر ملکارجن پردیش کانگریس کے صدر تھے۔ پردیش کانگریس کے رکن کی حیثیت سے رویندر ریڈی نے طویل خدمات انجام دی ہیں۔ تقریب میں رویندر ریڈی کے کارنامہ پر مشتمل ویڈیو فلم دکھائی گئی۔ اس موقع پر سابق گورنر ٹاملناڈو ٹی ایس رام موہن راؤ، سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس چلمیشور، سابق چیف جسٹس ایل نرسمہا ریڈی، مرکزی وزیر سیاحت و کلچر جی کشن ریڈی، تلنگانہ ہائی کورٹ کے ججس جسٹس وجئے سین ریڈی، جسٹس ابھیشک ریڈی، سابق وزراء سمرسمہا ریڈی، آر سنگاری ڈی، ڈاکٹر میسورا ریڈی، پرساد کمار، کسان کانگریس کے نائب صدرنشین کودنڈا ریڈی، ورکنگ پریسیڈنٹ پردیش کانگریس ڈاکٹر جے گیتاریڈی، انجن کمار یادو، رکن اسمبلی سریدھر بابو، رکن کونسل ایم ایس پربھاکر، ڈاکٹر کمار، کونڈہ وشویشور ریڈی، راملو نائیک، وقارآباد ضلع پریشد کی صدرنشین شریمتی سنیتا ریڈی، ڈی سی پی ایسٹ زون رمیش ریڈی کے علاوہ کانگریس، ٹی آر ایس، بی جے پی اور تلگودیشم کے علاوہ مختلف عوامی تحریکات سے وابستہ قائدین نے شرکت کی اور رویندر ریڈی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی درازی عمر کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ر