ڈاکٹر رام پنیانی کو دھمکی آمیز کال، ممبئی پولیس کی جانب سے تحقیقات جاری۔

,

   

ممبئی: مشہور سماجی کارکن پروفیسر ڈاکٹر رام پنیانی کو نامعلوم افراد کی جانب سے جان سے ماردینے کی دھمکی دی گئی ہے۔ ممبئی پولیس اس معاملہ میں ایک تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی ہے۔ مختلف سماجی تنظیمو ں کے وفود نے جوائنٹ پولیس کمشنر ونئے چوبے سے ملاقات کر کے رام پنیانی جی کو دھمکی دئے جانے کے بارے میں واقفیت کروائی۔ ونے چوبے نے ڈپٹی کمشنر آف پولیس کو اس معاملہ میں تحقیقات کرنے کی ہدایت دی۔ کئی سماجی تنظیموں نے اس کی مذمت کی ہے او رمطالبہ کیاکہ پولیس اس معاملہ کو سنجیدگی سے لیں۔ ان تنظیموں کے ارکان نے کہا کہ اس سے قبل بھی کئی بے باک کہنے والوں کا قتل کیاگیا جن میں نریندر دابھولکر، گوند پنساری، ایم ایم کلابرگی او رگوری لنکیش وغیرہ شامل ہیں۔

واضح رہے کہ جمعرات ۶/ جون کو رام پنیانی کو دھمکی آمیز فون کال موصول ہوا جس میں انہیں کہا گیا ہے کہ اپنی سرگرمیوں کو اندرون پندرہ دن میں ختم کردیں ورنہ…. اس سے قبل جاریہ سال ۹/ مارچ کو کچھ نامعلوم افراد نے ان کے گھر پہنچ کر ان کے پاسپورٹ اپلیکیشن کے بارے میں پوچھ تاچھ کرنے لگے جبکہ انہوں نے کوئی اپلی کیشن کے لئے درخواست نہیں دی تھی۔ اس کے بعد کچھ نامعلوم افراد نے پنیانی اور ان کے افراد خاندان کے بارے میں پوچھ تاچھ کرنے لگے۔ رام پنیانی اس کے خلاف ممبئی کے پوائی پولیس اسٹیشن میں شکایت بھی درج کروائی تھی۔ لیکن اس شکایت کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ اور اب انہوں نے اس دھمکی آمیز فون کال کے خلاف ایک اور شکایت درج کروائی۔ اس موقع پر کئی سماجی کارکن بھی موجود تھے۔ جوائنٹ کمشنر پولیس ونے چوبے نے یقین دلایا کہ اس معاملہ میں بہتر تفتیش کی جائے گی او ررام پنیانی کیلئے معقول سکیوریٹی کا بندوبست کیا جائے گا۔