ڈبل بیڈ روم مکانات کیلئے درخواستوں کی تنقیح

   

جانچ مکمل ۔ پتہ اور فون نمبر نہ ہونے سے چند درخواستیں مسترد
حیدرآباد 3 مارچ ( سیاست نیوز ) جی ایچ ایم سی نے حکومت تلنگانہ کی ہاوزنگ اسکیم کے تحت ڈبل بیڈ روم مکانات کے الاٹمنٹ کیلئے داخل کردہ درخواستوں کی جانچ کا عمل مکمل کرلیا ہے ۔ جی ایچ ایم سی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں جملہ سات لاکھ نو ہزار 718 درخواستیں ڈبل بیڈ روم مکانات کے الاٹمنٹ کیلئے داخل کی گئی تھیں۔ عہدیدار نے بتایا کہ ان میں 3,44,310 درخواستوں کی پروسیسسنگ ہوچکی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ جی ایچ ایم سی نے جملہ 48.51 فیصد درخواستوں کی پروسیسنگ کی ہے اور مابقی درخواستوں کی پروسیسنگ نہیں کی گئی ہے کیونکہ یہ درخواستیں دوسرے اضلاع سے تعلق رکھنے والوں کی تھیں۔ اس کے علاوہ کچھ درخواستیں ایسی بھی تھیں جن میںتفصیلات شامل نہیں تھیں۔ کچھ میں پتہ نہیں تھا تو کچھ میں فون نمبر نہیں دیا گیا تھا ۔ جی ایچ ایم سی ڈاٹا کے مطابق ایک لاکھ تین ہزار 499 درخواستیں جی ایچ ایم سی حدود کے باہر سے داخل کی گئی تھیں۔ ان میں 12,568 درخواستیں سکندرآباد کنٹونمنٹ بورڈ کے حدود کی تھیں۔ 26,327 درخواستوں میں پتہ نہیں تھا اور ان درخواستوں کی پروسیسسنگ نہیں کی گئی ہے ۔ جی ایچ ایم سی کے چھ زونس میں ڈبل بیڈروم مکانات کیلئے سب سے زیادہ کوکٹ پلی زون سے داخل کی گئی تھیں۔ یہاں جملہ 1,29,749 درخواستیں داخل کی گئیں جبکہ دوسرے نمبر پر چارمینار زون تھا جہاں 1,13,729 درخواستیں داخل کی گئیں۔ سکندرآباد زون تیسرے نمبر پر رہا ۔