حیدرآباد۔/10 اپریل، ( سیاست نیوز) رات کی تاریکی میں عام طور پر مسافرین کو لوٹنے کے واقعات پیش آتے ہیں اور آر ٹی سی بسیں باآسانی نشانہ بن جاتی ہیں۔ نائیٹ سرویس کے ڈرائیورس عام طور پر مسافرین سمجھ کر اشارہ کرنے والوں کیلئے بس کو روک دیتے ہیں اور اس کا فائدہ اٹھاکر مسافرین پر حملہ کیا جاتا ہے۔ نائیٹ سرویس ڈرائیورس کو اس طرح کے واقعات سے بچنے کیلئے خصوصی ٹریننگ دی جاتی ہے۔ نظام آباد میں کل رات دیر گئے ایک بس ڈرائیور کی حاضر دماغی نے بس ڈکیتی کو ناکام بنادیا۔ سکندرآباد سے بھینسہ جانے والی آر ٹی سی بس پر نظام آباد ہائی وے پر حملہ کی کوشش کی گئی۔ دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار افراد نے ہائی وے پر بس کو روکنے کی کوشش کی اور جیسے ہی ڈرائیور نے رفتار کم کی اچانک بس پر سنگباری کی گئی۔ ڈرائیور نے حملہ کا خطرہ محسوس کرتے ہوئے رفتار کو تیز کردیا اور پولیس میں شکایت کی۔ پولیس کے مقام واقعہ پہنچنے تک حملہ آور فرار ہوچکے تھے۔ نوی پیٹ پولیس اس معاملہ کی جانچ کررہی ہے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ حملہ آور نشہ میں دھت تھے۔ سنگباری سے بس ڈرائیور اور دو مسافرین معمولی طور پر زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے بعد روانہ کردیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس روٹ پر پولیس نے پٹرولنگ میں اضافہ کردیا ہے۔ر